لاہور میں تعلیمی سرگرمیاں جاری، ادارے کھلے ہونے کا انکشاف

4 May, 2021 | 09:01 PM

M .SAJID .KHAN

(سٹی42)شہر میں کئی تعلیمی اداروں نے حکومتی احکامات ہوا میں اڑا دئیے، ٹاؤن شپ میں الحمد کالج اور گلدشت ٹاؤن میں پنجاب گرائمر سکول میں تعلیمی سرگرمیاں جاری ہیں، پولیس نے بغیر ماسک گھومنے پر 67 افراد کے خلاف مقدمات درج کر لیے،بازاروں میں خریداروں کا رش بڑھنے سے ایس او پیز پر عمل درآمد مشکل ہو گیا،کمشنر لاہور اور سی سی پی او کی سربراہی میں فلیگ مارچ کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق حکومتی احکامات کے باوجود شہر کے کئی تعلیمی اداروں میں معمول کی سرگرمیاں جاری ہیں،ٹاؤن  شپ کے الحمد کالج میں طلبا کو علی الصبح بلایا جا رہا ہے, انتظامیہ کی جانب سے طلبا کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ چھٹی کے وقت الگ الگ باہر نکلیں تاکہ کسی کو علم نہ ہو سکے یہاں پڑھائی جاری ہے۔

پنجاب گرائمر سکول گلدشت ٹائون میں بھی تعلیمی سرگرمیاں بحال ہیں, پرنسپل مِس نسرین کے مطابق سکول صرف نہم اور دہم کلاس کی تیاری کے لئےکھولا گیا تھا، بچوں کو ہوم ورک دے کر سکول بند کر دیا گیا۔

مزید پڑھئے: تعلیمی ادارے بند ، سربراہان پر نئی مشکل آن پڑی

دوسری جانب کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر پولیس ایکشن مسلسل جاری ہے، بغیر ماسک گھومنے پر 67 جبکہ حکومتی گائیڈ لائنز پر عملدرآمد نہ کرنے پر 51 مقدمات درج کئے گئے،بازاروں مارکیٹوں میں عید کی شاپنگ کے لئےخریداروں کا رش بڑھ گیا ہے، انارکلی ، اچھرہ بازار سمیت دیگر بازاروں اور مارکیٹوں میں ماسک کی پابندی تو کسی حد تک کی جا رہی ہے تاہم سماجی فاصلے کی پابندی کا کوئی تصور نہیں ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر شہر کے مختلف علاقوں میں ایکشن لیا، ڈی ایچ اے ایچ بلاک مارکیٹ، ٹی بلاک مارکیٹ، فیز فائیو اور ڈی دی مارکیٹ میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 17 ریسٹورنٹس سیل اور 7 ریسٹورنٹس کے منیجرز کو حراست میں لے لیا گیا۔

کمشنر لاہور کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان اور سربراہ لاہور پولیس غلام محمود ڈوگر کی قیادت میں فلیگ مارچ کیاگیا،ٹاؤن ہال سے شروع ہونے والا فلیگ مارچ مال روڈ، جی پی او چوک، لکشمی چوک سے ہوتا ہوا بوہڑ والا چوک پہنچا, گڑھی شاہو چوک سے جی ٹی روڈ باغبانپورہ ،شالیمار لنک روڈ اور مغلپورہ سے دھرم پورہ تک ایس او پیز پر عمل درآمد کا جائزہ لیا۔
 

مزیدخبریں