ساڑھے 7 ہزار روپے کے پرائز بانڈ پر بندش کا اقدام ہائیکورٹ میں چیلنج

4 May, 2021 | 03:23 PM

Sughra Afzal

(ملک اشرف) ساڑھے 7 ہزار روپے کے پرائز بانڈ پر بندش کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج، کیس جسٹس جواد حسن کی عدالت میں سماعت کیلئے مقرر  کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق ساڑھے سات ہزار روپے کے پرائز بانڈ کی قرعہ اندازی اور خریدو فروخت پر بندش کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا ہے، شہری آصف سحر کی جانب سے انور علی سنگا ایڈووکیٹ کی وساطت سے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے۔ کیس جسٹس جواد حسن کی عدالت میں سماعت کے لئے مقرر کردیا گیا ہے۔

درخواست میں وفاقی حکومت گورنر سٹیٹ بنک سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ دومئی کو پرائز بانڈ کی قرعہ اندازی ہونا تھی، سٹیٹ بنک کی جانب سے پچھلے ماہ 28 اپریل کو ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے قرعہ اندازی اور پرائز بانڈ کی خریدو فروخت پر پابندی عائد کر دی گئی، پابندی خلاف قانون اور امتیازی سلوک ہے۔

درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی کہ عدالت پابندی کا اقدام کالعدم قرار دے۔

مزیدخبریں