پنجاب بھر میں 56پولیس اہلکاروں میں کورونا کی تصدیق

4 May, 2020 | 12:28 PM

M .SAJID .KHAN

( علی ساہی ) پنجاب پولیس بھی کورونا وائرس سے شدید متاثر ہونے لگی ۔لاہورسمیت پنجاب بھرمیں مزید 56اہلکاروں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق  ڈاکٹرز کے ساتھ ساتھ پولیس اہلکار بھی  کورونا وائرس سے متاثر ہورہے ہیں۔ کورونا وائرس کے حوالے سے لاک ڈاون کے دوران  پنجاب پولیس فرنٹ لائن پر فرائض انجام دے رہی ہے، اب پولیس میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دن بدن بڑھنے لگی ہے،لاہورسمیت پنجاب بھر سے  مزید56 پولیس اہلکار  کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔جبکہ 22مشتبہ مریض اہلکاروں کی رپورٹس کا انتظار ہے۔آئی جی پنجاب نے اہم مقامات پرڈیوٹیاں سرانجام دینے والے اہلکاروں کا صوبہ بھرمیں ٹیسٹ کروانے کا حکم دے دیا۔

گزشتہ دنوں بھی    پنجاب پولیس کے  35 اہلکار کورونا وائرس کا شکار ہوگئے تھے، ڈی آئی جی ویلفیئر نے کورونا وائرس کےحوالے سے حفاظتی سامان کی ڈیمانڈ کے لیے مراسلہ بھجوا دیاتھا۔ 4 مئی تک سامان اور فنڈز کی تفصیلات طلب کی گئیں۔مراسلے میں ہدایت جاری کی گئی ہے کہ تمام اضلاع و یونٹس حفاظتی سامان ویلفیئر فنڈز سے خریدیں، جن اضلاع و یونٹس کے پاس ویلفیئر فنڈز نہیں وہ تمام تفصیلات آئی جی آفس کو بھجوائیں، ان کو آئی جی افس کے ویلفیئر فنڈز سے سامان مہیا کیا جائےگا، جبکہ سامان کی خریداری کے لیے فنڈز بھی جاری کیے جائیں گے۔

30اپریل کو بھی  پنجاب بھر کے 28 اہلکار  کورونا کا شکار ہوئے جن میں سے 15 اہلکاروں کی رپورٹ کا انتظار ہے، لاہور کے 11، پاکپتن کے 5، نارووال کے 4، سی پی او میں ایک اہلکار شامل ہے۔ایڈیشنل آئی جی آپریشنز  پنجاب انعام غنی کا کہنا تھاکہ ابھی 52 اہلکاروں و افسران کے ٹیسٹ نیگیٹو آئے ہیں جبکہ 28 میں  کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔دوسری جانب ایس پی صدرغضنفر شاہ کے مطابق ایس ایچ او رائیونڈ سید سبطین شاہ کے بعد چوکی انچارج اڈا پلاٹ حیدر بھی  کورونا کا شکار ہو گیا، حیدر کو قائم مقام ایس ایچ او رائیونڈ تعینات کیا گیا تھا جس کا  کورونا  ٹیسٹ پازیٹوآنے پر ایکسپو  کورونا سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے۔

واضح رہےکہ دنیا بھر میں تباہی مچانے والا کورونا  وائرس پاکستان میں تیزی سے پھیل رہا ہے، پولیس اہلکار، وارڈن، ڈاکٹرز، نرسز،  قیدی، بچے بڑے سب اس مہلک وبا سے متاثر ہورہے ہیں۔

مزیدخبریں