(مانیٹرنگ ڈیسک) انٹرنیشنل باکسر محمد وسیم نے کہا کہ حکومت ملک میں باکسنگ کے فروغ کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لائے، باکسنگ کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ اس پر حکومت اورپاکستان باکسنگ فیڈریشن کی توجہ دلانے کی ضرورت ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ پروفیسر انور چوہدری کا دنیا کی عالمی تنظیم آئبا کا صدر بننا ہمارے کے لئے کسی بڑے اعزاز سے کم نہیں تھا ان کے دور میں ملک میں باکسنگ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود تھا لیکن انہوں نے اس ٹیلنٹ کو بروئے کار لانے کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑی بلکہ پاکستان نے اولمپک، کامن ویلتھ اور ایشیائی سطح کے علاوہ دیگر کئی انٹرنیشنل سطح میڈلز حاصل کئے، اس وقت تو باکسنگ ختم ہورہی ہے اگر اس کھیل پر کوئی خاص توجہ نہیں دی گئی تو نیا ٹیلنٹ آنا کم ہوجائے گا۔
انہوں نے حکومت اور پاکستان باکسنگ فیڈریشن سے اپیل کی ہے کہ وہ اس کھیل پر دھیان دیں، حکومت اور فیڈریشن کھلاڑیوں کی معاونت کرنے کے ساتھ ساتھ پروفیشنل باکسنگ کے مقابلوں کا بھی انعقاد کرے تا کہ باکسنگ کے کھیل کو فروغ حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ اگر ماضی میں دیکھا جائے تو ہاکی اور باکسنگ میں ہی سب سے زیادہ میڈلز آتے تھے پاکستان نے باکسنگ میں بڑے بڑے نام پیدا کئے جن میں حسین شاہ نے اولمپک میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا اور اس کے علاوہ ابرار حسین، اظہر علی، اصغر علی، مہراللہ نصیر اور اصغر علی شاہ کے علاوہ بے شمار باکسر جنہوں نے دنیا میں باکسنگ کے میدان میں شہرت حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کا پرچم بلند کیا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے خود بھی محنت کر کے پاکستان کے لئے بڑے بڑے اعزازات جیتے، ایک سوال کے جواب میں محمد وسیم نے کہا کہ کئی برس قبل پاکستان باکسنگ فیڈریشن اور حکومت انٹرنیشنل مقابلوں کی تیاری کے سلسلہ میں پورا پورا سال قبل تیاری کے لئے کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ کا انعقاد کرتی تھی اور پاکستانی کوچز کے ساتھ غیرملکی کوچ بھی کھلاڑیوں کو جدید اور اعلی تربیت دیتے تھے قازقستان، روس اور کوریا میں بھیجا جاتا تھا اور اب کھلاڑیوں کو بیرون ملک بھیجنے کی بات تو الگ لیکن کھلاڑیوں کی تربیت کا اہتمام بھی نہیں کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک کھلاڑیوں کو تربیت کے لئے بھیجنے سے کارکردگی میں بہتری آسکتی ہے، انہوں نے کہا کہ اگر کھلاڑیوں کو اچھی تربیت نہیں دی جائے گی تو کھلاڑیوں کی کارکردگی میں بہتری نہیں آسکے گی۔ انہوں نے کھلاڑیوں پرزور دیتے ہوئے کہا کہ وہ بھی دل لگا کر بھرپور محنت سے تربیت کرکے ملک وقوم کا نام روشن کریں۔