ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال تیسرے روز بھی جاری، مریض خوار

4 May, 2019 | 09:44 PM

Arslan Sheikh

( زاہد چوہدری ) ہسپتالوں کی نجکاری کے خلاف ینگ ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکس کی ٹیچنگ ہسپتالوں کے آؤٹ ڈور میں تیسرے روز بھی ہڑتال، جنرل ہسپتال کے آؤٹ ڈور کی سیڑھیوں پر احتجاجی کنونشن ہوا، جنرل، جناح، شیخ زید، سروسز، پی آئی سی اور گنگا رام سمیت دیگر ہسپتالوں میں علاج متاثر رہا، مریض خوار ہوگئے، ڈاکٹرز نے نجکاری کا قانون واپس لینے تک ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کر دیا۔

ٹیچنگ ہسپتالوں کی ممکنہ نجکاری کے خلاف ینگ ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکس تین روز سے سراپا احتجاج ہیں، ٹیچنگ ہسپتالوں کے آؤٹ ڈور میں ہڑتال جاری ہے جس سے مریضوں کا علاج معالجہ بدترین تعطل سے دوچار ہے، ہزاروں مریض روزانہ علاج کیلئے خوار ہونے پر مجبور ہیں۔ مریضوں اور ان کے عزیز و اقارب اس صورتحال سے شدید پریشان ہیں۔

پی آئی سی، جناح، چلڈرن ، سروسز ، گنگا رام ، شیخ زید اور جنرل ہسپتال میں ینگ ڈاکٹرز کا احتجاج اور ہڑتال جاری رہی، جنرل ہسپتال کے آؤٹ ڈور کی سیڑھیوں پر کنونشن کا انعقاد کیا گیا جس میں ینگ ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکس کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ میڈیکل تنظیموں کے نمائندوں کا کہنا تھا کہ ٹیچنگ ہسپتالوں کی پرائیویٹائزیشن کسی صورت قابل قبول نہیں، اگر حکومت نے مجوزہ قانون اسمبلی سے واپس نہ لیا تو احتجاج مزید شدت اختیار کر جائے گا، ان ڈور اور ایمرجنسی میں بھی کام بند کرسکتے ہیں۔

کنونشن کے شرکا نے مطالبات کے حق میں آؤٹ ڈور سے ایمرجنسی تک احتجاجی ریلی بھی نکالی۔

مزیدخبریں