اسد رحمان گیلانی وزیر اعظم شہباز شریف کے پرنسپل سیکرٹری مقرر ہو گئے

4 Mar, 2024 | 10:56 PM

سٹی42: وزیراعظم شہباز شریف کے کام کا آغاز کرتے ہی وفاقی حکومت نے پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 21 کے افسر اسد رحمان گیلانی کو پرنسپل سیکرٹری ٹو وزیر اعظم تعینات کر دیا۔

آج جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 21 کے افسر اسد رحمان گیلانی کو ایڈیشنل سیکرٹری (انچارج) پاور ڈویژن سے ٹرانسفر  کر کے وزیر اعظم کا سیکرٹری تعینات کر دیا ہے۔

اسد رحمان گیلانی وزیراعظم شہباز شریف کا اعتماد رکھنے والے کمپیٹنٹ سینئیر افسر ہیں۔ وہ  گزشتہ دو سال کے دوران سیکرٹری انچارج کی حیثیت سے اہم وفاقی وزارتوں میں کام کرتے رہے ہیں۔

وہ بورڈ آف انویسٹمنٹ، صنعت و پیداوار اور پاور ڈویژن کے سیکرٹری کے طور پر خدمات سرانجام دیتے رہے ہیں، وزیراعظم شبہاز شریف نے اپنی گزشتہ وزارت عظمیٰ کے دوران جب سابق چیرمین نادرا طارق ملک سے استعفیٰ لیا تھا تو اس بعد اسد رحمان گیلانی نے دو ماہ کے لیے چیئرمین نادرا  کا کام سنبھالا تھا۔

محمد خرم آغا کو سیکرٹری کامرس ڈویژن مقرر کر دیا گیا

نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کے ساتھ کام کرنے والے  پرنسپل سیکرٹری ٹو پرائم منسٹر  کیپٹن( ر) محمد خرم آغا کو آج سے ٹرانسفر  کر کے وفاقی سیکرٹری کامرس ڈویژن تعینات کر دیا گیا ہے۔  وفاقی حکومت نے اس تقرر کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔ وہ یکم نومبر 2023 کو وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری مقرر ہوئے تھے۔

سیکرٹری کامرس ڈویژن محمد صالح فاروقی کی خدمات اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے سپرد کر دی گئیں

موجودہ سیکرٹری کامرس ڈویژن محمد صالح احمد فاروقی کی خدمات فوری طور پر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے سپرد کر دی گئی ہیں۔ محمد صالح احمد فاروقی  کو پوسٹ کا چارج چھوڑ کر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کے لئے کہا گیا ہے۔

مزیدخبریں