سٹی42: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف 6 ماہ 21 دن کی غیر حاضری کے بعد وزیرِ اعظم ہاؤس واپس پہنچے تو مسلح افواج کے چاق و چوبند دستہ نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف اپنے عہدہ اور قومی اسمبلی کی معیاد پوری ہونے سے دو دن پہلے 12 اگست 2023 کو وزیر اعظم ہاؤس سے رخصت ہوئے تو انہیں قومی اعزاز کے ساتھ الوداع کہا گیا تھا، الیکشن 2024 میں فتحیاب ہونے کے بعد دوبارہ وزیر اعظم منتخب ہو کر آج وہ وزیر اعظم ہاؤس واپس آئے تو انہیں گارڈ آف آنر کے ساتھ خوش آمدید کہا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی عدم موجودگی مین نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ وزیر اعظم ہاؤس میں مقیم رہے۔ شہباز شریف کے قومی اسمبلی کی رکنیت کا حلف لیتے ہی نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ وزیر اعظم ہاؤس چھوڑ کر قریب ہی واقع منسٹرز انکلیو میں منتقل ہو گئے ہیں۔
آج وزیرِ اعظم شہباز شریفایوانِ صدر میں حلف لینے کے بعد وزیرِ اعظم ہاؤس پہنچے تو افواج پاکستان کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا.
ویزاعظم نے مسلح افواج کے دستہ سے سلامی لینے کے بعد وزیر اعظم ہاؤس کے عملہ سے فرداً فرداً ہاتھ ملا کر ملاقات کی، وزیر اعظم ہاؤس کی خاتون ملازم کو سامنے دیکھ کر وزیر اعظم نے سینے پر ہاتھ رکھ کر انہیں تعظیم دی۔
عملہ سے ملاقات کے بعد وزیراعظم شہباز شریف وزیر اعظم ہاؤس کے اندر چلے گئے جہاں، نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے ان کی ملاقات ہوئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پورے اعزاز کے ساتھ نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو وزیر اعظم ہاؤس سے رخصت کیا۔