ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف سے ریاست ہائے متحدہ امریکہ میں پاکستان کے سفیر سردار مسعود خان کی ملاقات ۔
تفصیلات کے مطابق امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر سردار مسعود خان نے وزیر اعظم شہباز شریف سےملاقات کی ہے جس میں شہباز شریف کا کہناتھا کہ پاکستان امریکا کے باہمی مفاد پر مشتمل دو طرفہ تجارتی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، امریکہ سے دو طرفہ کثیر الجہتی تجارتی تعلقات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ,زراعت اور صنعت کے شعبوں میں تعاون کو مزید بہتر بنانا حکومت پاکستان کی ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ریاست ہائے متحدہ امریکہ میں پاکستان کے سفیر سردار مسعود خان نے آج لاہور میں ملاقات کی، ملاقات کے دوران وزیراعظم نے سفیر کو ہدایت کی کہ امریکی سرمایہ کاروں کی پاکستان میں سرمایہ کاری کو مزید موثر بنانے کے لیے مختلف شعبوں میں ممکنہ مواقع کو اجاگر کرنے کے لئے بھرپور اقدامات کئے جائیں۔
وزیر اعظم شہبازشریف نے امریکی سرمایہ کاروں کو درپیش مسائل کی نشاندہی کرنے کی بھی خصوصی ہدایت کی تاکہ حکومت بروقت اور موثر اقدامات اٹھا کر تجارتی حجم کو مزید بہتر کر سکے، ملاقات کے دوران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاروں کے لیے درآمدات و برآمدات پر لاگو قوانین و ضوابط کو آسان بنانے کے لیے حکومت ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے، سفیر سردار مسعود خان نے امریکا میں موجود پاکستانی سفارتی مشن کی کارکردگی سے آگاہ کیا.