ویب ڈیسک: پاکستان سپر لیگ کی سیکیورٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں کو غیر معیاری کھانا فراہم کیے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سی پی او راولپنڈی نے پی ایس ایل سیکیورٹی پر تعینات اہلکاروں کو غیر معیاری کھانا فراہم کیے جانے کا نوٹس لیتے ہوئے کھانا فوری واپس کرکے متبادل کھانا فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔
فورس کی جانب سےکھانے کےحوالے سے شکایت سامنے آنے پر سی پی او سید خالد محمود ہمدانی کا نوٹس، تمام کھانا واپس کرکے متبادل طور پر بہتر کھانا فوری پہنچانے کا حکم۔ علاوہ ازیں ایس پی ہیڈ کوارٹرز کو فوری انکوائری کرکے رپورٹ پیش کرنے اور کوتاہی کے ذمہ داران کے تعین کرنے کا حکم۔
— Rawalpindi Police (@RwpPolice) March 3, 2023
سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی نے پولیس اہلکاروں کو ناقص کھانا فراہم کرنے میں کوتاہی برتنے والے ذمہ داران کا تعین کرنے کی ہدایت کردی۔
یاد رہے کہ پولیس اہلکاروں نے ملنے والے غیر معیاری کھانے کی ویڈیو شیئر کی تھی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔