سلمان خان اور کترینہ کیف پھر اکٹھے،’’ٹائیگر 3‘‘ کا ٹیزرمنظر عام پر

4 Mar, 2022 | 01:35 PM

Muhammad Zeeshan

ویب ڈیسک:بالی ووڈ کےبھائی سلمان خان اور باربی ڈول کترینہ کیف کی سب سے زیادہ انتظار کی جانے والی فلم ’’ٹائیگر3‘‘ کا پہلا ٹیزر منظر عام پر آگیا۔جو دیکھتے ہی دیکھتے انٹرنیٹ پر ہٹ ہوگیا۔

بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان نےاپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر  ٹائیگر فرنچائز کی تیسری فلم ’’ٹائیگر3‘‘ کا ٹیزر شیئر کیا اور مداحوں کو فلم کی ریلیز کی تاریخ بھی بتائی ۔

فلم کا ٹیزر شیئر کرتے ہوئے سلو میاں نے لکھا ’’ہم سب اپنا اپنا خیال رکھیں تاکہ فلم کی ریلیز پر ہم سب وہاں (سینما میں) موجود ہوں۔ ’’ٹائیگر 3‘‘ اگلے برس عید کے موقع پر 21 اپریل 2023 کو ریلیز ہوگی۔ سلو میاں نے بتایا ان کی فلم ہندی، تامل اور تیلگو زبانوں میں ریلیز کی جائے گی۔‘‘

  ’’ٹائیگر3‘‘ کی ہدایت کاری منیش شرما نے کی ہے۔ فلم میں سلمان خان کا کردار ایک  بھارتی جاسوس اویناش سنگھ راتھور المعروف ٹائیگر کا ہے جسے پاکستانی جاسوس زویا سے محبت ہوجاتی ہے، یہ کردار کترینہ کیف نے ادا کیا ہے۔

فلم کے پہلے ٹیزر میں کترینہ کیف فل ایکشن میں نظر آرہی ہیں، جب کہ سلو میاں کی انٹری بھی کمال ہے۔ ٹیزر کو دیکھ کر اندازہ ہورہا ہے کہ فلم ایکشن سے بھرپور ہوگی اور پچھلی دونوں فلموں کی طرح یہ فلم بھی شائقین کو بے حد پسند آئے گی۔

فلم ’’ٹائیگر3‘‘ کو ترکی، روس اور آسٹریلیا میں شوٹ کیا گیا ہے جب کہ اس کے کچھ مناظر کو حال ہی میں دہلی میں بھی شوٹ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ٹائیگر فرنچائز کی پہلی فلم ’’ایک تھا ٹائیگر‘‘2012 میں ریلیز ہوئی تھی جسے کبیر خان نے ڈائریکٹ کیا تھا۔ فلم نے باکس آفس پر زبردست کامیابی حاصل کی تھی۔دوسری فلم ’’ٹائیگر زندہ ہے‘‘ 2017 میں ریلیز کی گئی تھی جسے علی عباس ظفر نے ڈائریکٹ کیا تھا۔ پچھلی دونوں فلموں میں سلمان خان اور کترینہ کیف نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔

مزیدخبریں