سنی لیون نے سوشل میڈیا پر ’ٹرول‘ کرنیوالوں سے نمٹنے کا طریقہ بتادیا

4 Mar, 2022 | 12:58 PM

Muhammad Zeeshan

ویب ڈیسک: بالی ووڈ  کی معروف اداکارہ سنی لیون نے ایک انٹرویو کے دوران  سوشل میڈیا پر تنقید کرنے والوں  سے نمٹنے کا طریقہ بتایا ہے۔ 

 سوشل میڈیا پر  سوشل میڈیا ٹرولنگ  اب بہت عام ہوچکی ہے۔ سیاستدانوں کے ساتھ ساتھ اداکار ،گلوکار بھی روزانہ کی بنیاد پر ٹرولنگ کا شکار ہوتے ہیں۔بعض اوقات تنقید اتنی سخت ہوتی ہے کہ سیلیبرٹیز خود پر کنٹرول کھو بیٹھتی ہیں اور تنقید کرنے والوں کو کھری کھری سنادی جاتی ہے۔ لیکن بالی ووڈ اداکارہ ان ٹرولنگ خواتین و حضرات کیساتھ کیا کرتی ہیں ؟ ان کا طریقہ آپ کو بھی لازمی پسند آئے گا۔

حال ہی میں سنی لیون  کا ایک انٹرویو وائرل ہورہا ہے جس میں ان سے پوچھا گیا کہ آپ سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید یا ٹرولنگ کا سامنا کیسے کرتی ہیں؟ تو انہوں نے اس کا مفصل جواب دیتے ہوئے دیگر متاثرہ فنکاروں کو بھی تنقید نگاروں سے نمٹنے کا طریقہ بتایا۔

سنی لیون نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر تنقید کرنے والے صارفین سے انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ وہ ان کی زندگی کا حصہ نہیں ہیں۔ اداکارہ نے بتایا اگر کوئی سوشل میڈیا پر کسی پر تنقید کرتا ہے تو اس کا مقصد سراسر توجہ حاصل کرنا ہوتا ہے۔ اسلیے ان تنقید نگاروں کا سامنا کرنے کا سب سے اچھا طریقہ یہ ہے کہ ان کے کمنٹس کو نہ پڑھاجائے اور انہیں ’’بلاک‘‘ کردیا جائے۔ لہذا میں  سوشل میڈیا پر ٹرول کرنے والوں کو بلاک کردیتی ہوں۔

سنی لیون نے مزید بتایا کہ سوشل میڈیا پر بیٹھ کر تنقید کرنے والے صارف ان فنکاروں کے پیچھے جاتے ہیں جو ان سے سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔ ان کا مقصد صرف اور صرف توجہ حاصل کرنا ہوتا ہے۔ یہ چھوٹے بچوں کی طرح ہوتے ہیں جو توجہ چاہتے ہیں اب چاہے وہ اچھی چیز سے ملے یا بری چیز سے۔

سنی لیون کو اکثر ان کی فلاپ فلموں اور ماضی کے کام کی وجہ سے سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ جب ان سے اس بارے میں پوچھا گیا کہ وہ یہ سب کیسے برداشت کرتی ہیں؟ تو اداکارہ نے کہا مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ کوئی کیا کہہ رہا ہے کیونکہ یہ لوگ میری زندگی کا حصہ نہیں ہیں۔

سنی لیون نے دیگر فنکاروں کو بھی تنقید نگاروں سے نمٹنے کا طریقہ بتاتے ہوئے ان پر زور دیا کہ خوشگوار زندگی گزارنے کے لیے ان تمام لوگوں کو بلاک کریں۔ کیونکہ بلاک کرنا آسان ہے۔ میرے خیال میں بہت سارے لوگوں کو یہ کرنا چاہئے تب ہی ہم ایک بہتر جگہ پر رہ سکیں گے۔

اداکارہ نے کہا سوشل میڈیا پر تنقید کرنے والے لوگ میرے بلز ادا نہیں کرتے، کھانا بنانے میں میری مدد نہیں کرتے، بچوں کے ڈائپرز بدلنے میں میرا ساتھ نہیں دیتے، بلکہ یہ ٹرولرز کسی بھی طرح میری زندگی میں شامل نہیں ہیں، یہ میری فیملی کا حصہ نہیں ہیں، میرے ساتھ کھانا نہیں کھاتے، میرے دوست نہیں ہیں، بلکہ وہ میرے لیے کچھ بھی نہیں ہیں۔

سنی لیون نے اپنے بچوں کے بارے میں کہا کہ ان کے بچوں کی عمر ابھی صرف 4 اور 6 سال ہے اور انہوں نے اپنے بچوں کو سوشل میڈیا سے بالکل دور رکھا ہوا ہے۔ وہ اور ان کے شوہر گھر میں ’’نو فون پالیسی‘‘ پر سختی سے عمل پیرا ہیں یہی وجہ ہے کہ ان کے بچے سوشل میڈیا ایپلی کیشنز سے واقف نہیں ہیں۔ وہ اپنے بچوں کو موبائل فون اور سوشل میڈیا استعمال کرنے کی اجازت صحیح وقت اور صحیح عمر میں دیں گے۔

واضح رہے کہ سنی لیون اسپائے تھرلر ویب سیریز ’’انامیکا‘‘ میں کام کررہی ہیں جو ایم ایکس پلیئر اسٹریمنگ ویب سائٹ پر 10 مارچ سے دکھائی جائے گی۔ اس ویب سیریز کو وکرم بھٹ نے ڈائریکٹ کیا ہے۔ ویب سیریز ’’انامیکا‘‘ میں سنی لیون کے ہمراہ اداکارہ سونالی سیگل، راہول دیو، سمیر سونی، شہزاد شیخ اور عائز خان بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔

مزیدخبریں