سٹی 42: ویناملک کے سابق شوہر اسد خٹک کی دو بچوں کو پاکستان منتقلی کے خلاف درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی، عدالت نے وزارت خارجہ کو جواب جمع کرانے کیلئے آخری مہلت دے دی۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہر من اللہ نے اسد خٹک کی درخواست پر سماعت کی، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اسد خٹک نے الزام لگایا ہے کہ دبئی میں پاکستانی قونصل خانے نے اختیارات کا غیر قانونی استعمال کیا، دفترخارجہ اختیارات سے تجاوز سے متعلق اپنا جواب جمع کرائے، وینا ملک کے وکیل نے بھی وکالت نامہ جمع کرا دیا۔
وینا ملک کے سابق شوہر اسد خٹک کی درخواست کے مطابق اسد 5 سالہ امل اور 6 سالہ ابراہم کے والد ہیں، دونوں بچے امریکی شہریت بھی رکھتے ہیں، اسد خٹک اور وینا ملک کے درمیان یو اے ای میں کیس زیر سماعت ہے، دبئی عدالت نے 4 اپریل 2018 کو کہا بچے دبئی حدود سے باہر نہیں لے جائے جاسکتے۔
درخواست میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ وینا ملک نے دبئی میں قونصل خانے کے عملے سے مل کر غیر قانونی طور پر بچوں کو منتقل کیا، درخواست میں پاکستانی قونصل خانے کے ارکان کے خلاف قانونی کارروائی کی استدعا کی گئی ہے۔