سعید احمد سعید: وزارت صنعت و پیداوار نے رمضان ریلیف پیکج 2021 کی سمری تیار کر لی، یوٹیلیٹی سٹورز پر 6 ارب 37 کروڑ 10 لاکھ روپے کا رمضان ریلیف پیکج تجویز، رمضان پیکج کے تحت چینی، آٹا، گھی، دالوں سمیت 19 اشیائے ضروریہ پر 10 سے 50 روپے تک سبسڈی تجویز کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق رمضان پیکج کے تحت چینی پر 40، آٹے پر 30 روپے 50 پیسے فی کلو سبسڈی کی تجویز دی گئی۔ چینی 68 روپے فی کلو، آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 800 روپے پر فراہم کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ رمضان پیکچ کے تحت گھی پر 43 روپے فی کلو، خوردنی تیل پر 20 اور دال چنے پر 15 روپے فی کلو، دال ماش اور دال مونگ پر 10، 10 روپے فی کلو، دال مسور 30 اور سفید چنا 25 روپے سبسڈی کی تجویز دی گئی ہے۔
اسی طرح بیسن پر 20 روپے فی کلو، کھجور 20، چاول باسمتی، سیلا 10، 10 اور ٹوٹا چاول پر 12 روپے فی کلو، چائے 50، دودھ پر 20 روپے، مشروبات 1500 ملی لیٹر بوتل پر 25، 800 ملی لیٹر بوتل پر 20 روپے سبسڈی دینے کی تجویز ہے۔
رمضان پیکچ کے تحت مصالحہ جات پر 10 فیصد سبسڈی جبکہ دیگر اشیاء پر 5 سے 10 فیصد تک کی رعایت دینے کی تجویز زیر غور ہے۔ رمضان ریلیف پیکچ 2021 کا اطلاق یکم اپریل سے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔