سٹی42:پی ایس ایل میں کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کا سلسلہ تھم نہ سکا۔ لیگ میں شریک مزید تین کھلاڑیوں کے کوویڈ ٹیسٹ مثبت آگئے ہیں پی سی بی نے تین کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کرتے ہوئے تینوں کھلاڑیوں کو دس روز کے لیے آئسولیٹ کردیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ فرنچائز اور پی سی بی حکام کا ورچوئل اجلاس آج شام ہوگا اجلاس میں لیگ کے معاملات کا جائزہ لیا جائے گا۔
تین روز قبل پی ایس ایل سکس میں بورڈ انتظامیہ نے ٹیموں کی متواتر کورونا وائرس ٹیسٹنگ کرانے کا فیصلہ کرلیا تھا ٹیموں میں شامل تمام کھلاڑیوں اور سپورٹنگ سٹاف کے ہر چار دن بعد کورونا ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ کورونا وائرس ٹیسٹنگ کا سلسلہ ٹورنامنٹ کے اختتام تک جاری رہے گا۔ آسٹریلوی کھلاڑی فواد احمد کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کے باعث میچ ملتوی کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ اسلام آبادیونائیٹڈ کے ایک غیر ملکی کھلاڑی فواد احمد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھاجس پر کھلاڑی کو سکواڈ سے الگ کرکے قرنطینہ کردیاگیااور تمام ارکان کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ لئے گئے۔
قبل ازیں سٹی فورٹی ٹو سے گفتگو کرتے ہوئے لاہور قلندر فرنچائز کے مالک عاطف رانا کا کہنا تھا کہ کورونا ایک ایسی بیماری ہے جس کا کچھ پتہ نہیں چلتا ہے، کہیں نہ کہیں منیجمنٹ کی سطح پر کوئی کوتاہی ہوئی ہے جس کی وجہ سے کورونا آیا ہے،کہیں کوئی رخنہ رہا ہوا ہے تو اسے قابو کرنے کی ضرورت ہے۔