ٹاپ ٹین بدمعاشوں کی فہرست کیس، پولیس سے رپورٹ طلب

4 Mar, 2020 | 04:23 PM

Shazia Bashir

ملک اشرف: لاہورہائیکورٹ میں ٹاپ ٹین بدمعاشوں کی فہرست کے خلاف درخواستوں پر سماعت، ڈی آئی جی لیگل جواد ڈوگر، سمیت دیگر افسران پیش۔ عدالت نے پنجاب بھر کے اضلاع  سے نامور جرائم پیشہ ملزمان کے ریکارڈ کا از سر نو جائزہ لینے کا حکم دیتے ہوئے سترہ مارچ کو رپورٹ طلب کرلی۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی نے گوگی بٹ، منشاء بم سمیت ٹاپ ٹن بدمعاشوں کی فہرست میں شامل افراد کی درخواستوں پر سماعت کی۔ آئی جی کی جانب سے ڈی آئی جی لیگل جوادڈوگر نے رپورٹ پیش کی اور بتایا کہ جرائم پیشہ افراد کے ریکارڈ کا جائزہ لےر ہے ہیں۔

 عدالت نے پولیس کو ریکارڈ کی درستگی کیلئے سترہ مارچ تک کی مہلت دیدی۔ درخواستوں میں پنجاب حکومت ہوم سیکرٹری، آئی جی، ڈپٹی کمشنرسمیت دیگرکوفریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا کہ پولیس کی جانب سے ٹاپ ٹین بدمعاشوں کی فہرست مرتب کی گئی ہے۔

درخواست گزاروں کے خلاف مختلف نوعیت کے مقدمات درج ہیں جو عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔ عدالتوں سے سزا یافتہ نہیں ہیں، بدمعاشوں کی فہرست میں بلاجواز نام شامل کیے گئے۔

استدعا ہے عدالت ٹاپ ٹین بدمعاشوں کی فہرست کے اقدام کو کالعدم قرار دے۔

مزیدخبریں