بھاشا اور مہمند ڈیم تعمیر کیس، وفاقی حکومت سے جواب طلب

4 Mar, 2020 | 03:23 PM

Sughra Afzal

(یاور ذوالفقار)جولائی  2018 میں سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے پاکستان میں پانی کی کمی پر ڈیم فنڈ کا آغاز کیا تھا جس میں دنیا بھر سے لوگوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، فنڈز سے  دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیم تعمیر کیا جارہا  ہے، سعودی عرب نے بھی ڈیم میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا تھا۔

آج لاہور ہائیکورٹ میں بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، جسٹس مزمل اختر شبیر نے جوڈیشل ایکٹوازم پینل کی درخواست پر سماعت کی، درخواستگزار کی جانب سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کی پیشرفت کے حوالے سے تفصیلات فراہم نہیں کی جارہیں اور ڈیم کی تعمیر کے حوالے سے منفی پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، متعلقہ محکموں کو درخواست بھی دی تاہم شنوائی نہیں ہو رہی۔

وکیل نے استدعا کی کہ عدالت وفاقی حکومت کو ڈیمز کی تعمیر کے متعلق پیش رفت بارے تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دے۔

عدالت نےدلائل سننے کے بعد آئندہ سماعت پر وفاقی حکومت سے جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت سترہ مارچ تک ملتوی کر دی۔

واضح رہےکہ دیامیر بھاشا ڈیم 4500 میگا واٹ بجلی پیدا کرنے والا منصوبہ ہے جس کی تعمیر پر آنے والی لاگت کا تخمینہ 15 ارب ڈالر کے قریب لگایا گیا ہے اور تعمیر ہونے کی صورت میں اس کا شمار دنیا کے سب سے بڑے ڈیموں میں ہوگا ۔

مزیدخبریں