شفیق آباد میں دو بیٹوں نے بھرے بازار میں ماں کے کپڑے پھاڑ دیئے

4 Mar, 2018 | 03:00 PM

(عابد چودھری) شفیق آباد کے علاقہ میں مبینہ طور پر 2 بیٹوں نے پیسے نہ دینے پر بھرے بازار میں ماں کے کپڑے پھاڑ دیئے، بیٹوں کے ہاتھوں سرِ بازار تذلیل کے بعد بدبخت ماں کی پھندہ لیکر خودکشی کی کوشش، بیٹی نے متعلقہ تھانے میں بھائیوں کے خلاف اندراج مقدمہ کیلئے درخواست دید ی۔

بتایا گیا ہے کہ شفیق آباد کے علاقہ گلی نمبر 3 کچا راوی روڈ کی ممتاز بی بی نے گزشتہ روز پھندہ لیکر خودکشی کی کوشش کی جس پر بیٹی شازیہ بی بی نے شور مچاتے ہوئے بچانے کی کوشش کی۔ شور کی آواز سن کر اہل محلہ بھی اکھٹے ہوگئے جنہوں نے خاتون کو خودکشی سے روک لیا۔ واقعے کے بعد بیٹی شازیہ بی بی نے تھانہ شفیق آباد تھانے میں اپنے بھائیوں کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست دیتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ اس کے دونوں بھائی شادی شدہ ہیں اور الگ رہائش پذیر ہیں جن کی بیویاں ان کو میرے اور میری والدہ کے خلاف بہکاتی رہتی ہیں جبکہ میرے بھائی نشے کے بھی عادی ہیں۔ وقوعے کے روز دونوں بھائیوں نے میری والدہ کو بازار میں روک کر پیسوں کا تقاضا کیا جس پر میری والدہ نے جب انکار کیا تو دونوں نے ان کو شدید تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے بھرے بازار میں ان کے کپڑے پھاڑ دیئے۔ میری والدہ اپنے ہی بیٹوں کے ہاتھوں ہونے والی اس ذلالت کو برداشت نہ کرسکیں جس پر انھوں نے گھر آکر پھندہ لیکر خودکشی کی کوشش کی جسے محلہ داروں نے ناکام بنایا۔ درخواست کے بعد پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔

مزیدخبریں