(شاہد ندیم سپرا) لیسکو کا 132 کے وی کی انڈر گرائونڈ کیبل بچھانے کا منصوبہ آخری مراحل میں داخل ہو گیا، لیسکو چیف مجاہد پرویز چٹھہ کہتے ہیں 31 مارچ تک منصوبہ مکمل کر کے شہر کو دو ذرائع سے بجلی فراہم کی جا سکے گی۔
تفصیلات کے م طابق لیسکو کا انڈر گراونڈ 132 کے وی کی ٹرانسمیشن لائن بچھانے کے منصوبے پر کام جاری ہے، لیسکو چیف نے 31 مارچ تک منصوبہ مکمل ہونے کی نوید سنا دی ہے، لیسکو چیف نے بتایا کہ رائٹ آف وے کے مسائل کی وجہ سے منصوبے میں دو ماہ کی تاخیر ہوئی، کمپنی ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے 1 ارب روپے سے منصوبہ بنا رہی ہے جس کے تحت شہر کے ایسٹ اور ویسٹ میں دو سرکٹ سے بجلی دی جا سکے گی، پلان کےمطابق سنی ویو گرڈ سٹیشن کو میکلورڈ روڈ سے ملایا جا رہا ہے جبکہ میکلورڈ روڈ گرڈ سٹیشن کو قرطبہ گرڈ سٹیشن سے ملایا جائیگا، اس طرح میکلورڈ روڈ گرڈ سٹیشن کو دو ذرائع سے فیڈ کیا جا سکے گا، اس سے قبل میکلورڈ روڈ گرڈ سٹیشن کو صرف موچی گیٹ سے فیڈ کیا جا رہا ہے۔
لیسکو چیف نے مزید بتایا کہ منصوبہ مکمل ہونے پر لیسکو کے بیس سے زائد گرڈ سٹیشنز کو ریلیف ملے گا جبکہ این ٹی ڈی سی کے بند روڈ، راوی اور غازی سرکٹ پر لوڈ بیلسنگ ہو جائیگی جس سے ٹرپنگ میں واضح کمی آئیگی۔