سٹی42: بھارت کے لوک سبھا انتخابات میں کرکٹر یوسف پٹھان نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوار کو بری طرح شکست دے کر بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کرلی ۔
لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں کے انتخابات کے بعد آج ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے اور بھارتی الیکشن کمیشن کی جانب سے وقتاً فوقتاً نتائج کا اعلان کیا جا رہا ہے۔
یوسف پٹھان مغربی بنگال میں ممتا بینر جی کی جماعت آل انڈیا ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کے امیدوار ہیں۔ انہوں نے بہرام پور کی نشست پر الیکشن لڑا اور کانگریس کے ادھیررنجن چوہدری کو بڑے مارجن سے شکست دے دی۔ بھاجپا کے امیدوار ڈاکٹر نرمل کمار ساہا کو 3 لاکھ 23 ہزار 685 ووٹ ملے۔
الیکشن کمیشن آف انڈیا کی گنتی کے مطابق یوسف پٹھان نے 4 لاکھ 23 ہزار 451 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مخالف کانگریس کے رکن ادھیر رنجن چوہدری کو 3 لاکھ 59 ہزار 367 ووٹ ملے۔
یوسف پٹھان نے انٹرنیشنل کرکٹ میں بھارت کی نمائندگی کرتے ہوئے 57 ون ڈے میچوں میں 27 کی اوسط سے 810 رنز بنائے۔انہوں نےدو سنچریاں بھی بنائیں۔ ٹی 20 انٹرنیشنلز میچوں میں یوسف پٹھان نے 22 میچوں میں 18.15 کی اوسط اور 146.58 کے اسٹرائیک ریٹ سے 236 رنز بنائے۔
41 سالہ یوسف پٹھان 2007 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور 2011 میں ون ڈے ورلڈ کپ جیتنے والی بھارتی ٹیم کا حصہ تھے۔
یوسف پٹھان2011 ورلڈ کپ جیتنے والی بھارتی ٹیم سے سیاست میں آنے والے تیسرے کھلاڑی ہیں۔ ورلڈ کپ کی بھارتی ٹیم میں سے گوتم گمبھیر اور ہربھجن سنگھ بھی سیاست میں شامل ہو چکے ہیں۔
یوسف پٹھان نے پہلی بار لوک سبھا کا الیکشن لڑا ہے۔