سٹی42: جمعیت علماء اسلام کے سابق ایم این اے قاضی عصمت اللہ اور ان کے بڑے بھائی ایک ہی روز انتقال کرگئے۔
جمعیت علماء اسلام کے سرپرست اعلی و سابق صوبائی وزیر اور سابق ایم این اے قاضی عصمت اللہ انتقال کرگئے۔ان کی نماز جنازہ کل صبح دس بجے کوئٹہ میں آدا کی جائے گی۔
جے یو آئی کے رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی مولانا عصمت اللہ اور ان کے بھائی ایک ہی روز انتقال کرگئے ۔ مولوی عصنت اللہ کے بڑے بھائی باز خان منگل کی صبح قلعہ سیف اللہ میں انتقال کرگئے اور چار بجے ان کے آبائی قبرستان میں تدفین کی گئی ۔
دوسری جانب بڑے بھائی کے انتقال کے صدمے سے مولانا عصمت اللہ بھی انتقال کرگئے ۔ علالت کے باعث مولانا عصمت اللہ بھائی کے جنازے میں شریک نہیں ہوسکے تھے۔علالت کے باعث مولانا عصمت اللہ کوئٹہ میں زیر علاج تھے ۔
مولانا عصمت اللہ کی تدفین کل صبح دس بجے ان کے آبائی قبرستان میں ہوگی ۔
دوسری جانب جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا مرحوم مولانا کے انتقال پر کہنا تھا کہ مولانا عصمت اللہ مرحوم عالم باعمل ،قاضی ،منجھے ہوئے عالم اور جماعت کے مخلص ،وفادار،باوقار اور زیرک رہنماء تھے ، مولانا مرحوم ہمہ جہت صفات کے مالک تھے ۔ مولانا مرحوم کی پارلیمانی اور سماجی خدمات کو یاد رکھا جائے گا ، پارلیمان میں مرحوم کی خدمات جماعت کے لئے قابل فخر اور ہمارے لئے مشعل راہ ہیں ۔ مولانا مرحوم کی وفات جمعیت علماء اسلام کے لئے بڑا نقصان ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے مرحوم کے درجات کی بلندی کیلئے دعا مانگتے ہوئے کہا کہ اللہ کریم مولانا مرحوم اور ان کے بھائی کی کامل مغفرت فرمائے اور اللہ کریم اہل خانہ کے لئے ایک ہی دن دو بزرگوں کی وفات کا سانحہ برداشت کرنے کی ہمت دے ۔
واضح رہے کہ مولانا عصمت اللہ کا شمار بلوچستان کے معروف علماء میں ہوتا تھا ۔ مولانا عصمت اللہ ایک مرتبہ رکن بلوچستان اسمبلی اور دو مرتبہ رکن قومی اسمبلی رہے ہیں۔