پاکستانی عوام کے لئے میرا پیغام امن ہے، بین المذاہب ہم آہنگی مسائل کا حل ہے، پوپ فرانسس کی محسن نقوی سے گفتگو

4 Jun, 2024 | 10:19 AM

ویب ڈیسک:   پوپ فرانسس نے کہا ہے کہ  پاکستان کے عوام  کے لئے میرا پیغام امن ہے،ہم سب کو مل کر امن کے لئے کام کرنا چاہیے۔ فلسطین کی صورتحال پر  مجھے تشویش ہے،  بین المذاہب ڈائیلاگ اور ہم آہنگی ہی مسائل کا حل ہیں۔

 رومن کیتھولک چرچ کے سربراہ پوپ فرانسس نے یہ باتیں ویٹی کن میں پاکستان کے  وزیر داخلہ  سید محسن رضا نقوی سے خصوصی ملاقات میں کی ہیں۔  محسن نقوی  پوپ فرانسس سے ملاقات کرنے کے لئے خصوصی دورہ پر ویٹیکن سٹی گئے ہیں جہاں آج ان کی پوپ کے ساتھ ملاقات بہت گرمجوش ماحول میں ہوئی۔

محسن نقوی نے  پوپ فرانسس سے ملاقات میں انہیں پاکستان میں مسیحیوں کے حالات بہتر بنانے اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لئے اپنی حکومت کی کوششوں اور ان کے نتائج سے آگاہ کیا۔  

 پوپ فرانسس نے سانحہ جڑانوالہ کے بعد گرجا گھروں کی فوری تعمیر و مرمت کے کام کو سراہا۔  پوپ فرانسس نے محسن نقوی سے باتیں کرتے ہوئے  کہا کہ پاکستان کے عوام  کے لئے میرا پیغام امن کا ہے،ہم سب کو مل کر امن کے لئے کام کرنا چاہیے۔

پوپ فرانسس نے بتایا کہ مجھے  پاکستان کے وزیراعظم کی جانب سے پاکستان کے دورہ کی دعوت دی گئی ہے، میں پوری کوشش کروں گا کہ پاکستان کا دورہ کروں۔

  پوپ فرانسس نے محسن نقوی کے ساتھ ملاقات کے دوران فلسطین کے معاملہ پر بھی گفتگو کی ، پوپ نے بتایا کہ  مجھے فلسطین کی صورتحال باعث تشویش ہے اور میں روزانہ رات 7 بجے فلسطین میں فلاحی کاموں میں مصروف  ورکرز سے بات کرکے اپ ڈیٹ لیتا ہوں، پوپ فرانسس نے کہا کہ بین المذاہب ڈائیلاگ اور ہم آہنگی ہی مسائل کا حل ہیں۔

پاکستان کے  وزیرداخلہنے فلسطین کے معاملہ پر موثر موقف اپنانے پر پوپ فرانسس کا شکریہ ادا کیا۔ 

 محسن نقوی نے پوپ فرانسس کو  دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور اقدامات  سے آگاہ کیا۔  انہوں نے پوپ سے کہا   کہ دنیا کو امن کا گہوارہ بنانے کے لیے آپ کی خدمات لائق تحسین ہیں،مسلہ فلسطین کے حوالے سے آپ نے جرات مندانہ موقف اختیار کیا جسے ہر ایک نے  سراہاہے ۔ 

 محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اقلیتوں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے،ہمارا دین ۔ ہمارے نبی کریمﷺ. ہمارے قائد اعظم محمد علی جناح اور ہمارا آئین  بھی اقلیتوں کے تحفظ اور ان کا خیال رکھنے  پر زور دیتے ہیں،پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں،دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم اور افواج کی قربانیوں کی نظیر نہیں ملتی،پوپ فرانسس نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے دعا کی اور پاکستانی عوام کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

مزیدخبریں