4 سے 7 جون تک  ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی

4 Jun, 2024 | 09:52 AM

(فاران یامین) گزشتہ رات آندھی اور بارش سے شہر لاہور کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی،ماہرین نے آئندہ 24گھنٹوں کے دوران شہر میں بارش برسنے کی پیشگوئی کردی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت ڈگری 34 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔
عالمی فضائی آلودگی کی درجہ بندی میں لاہور ساتویں نمبر پر  آگیا جبکہ شہر میں ایئر کوالٹی انڈکس کی مجموعی شرح 122ریکارڈ کی گئی ہے۔ یوایس قونصلیٹ 159، جوہر ٹاؤن میں آلودگی کی شرح 156ریکارڈ، سید مراتب علی روڈ 122 اور  فیز 8 ڈی ایچ اے میں شرح 107ریکارڈ کی گئی ہے۔

 کراچی میں آج بھی ہیٹ ویو کا کوئی امکان نہیں  تاہم آئندہ 24گھنٹوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں اگلے 2 روز تک گرمی کی شدد میں کمی رہے گی،  شہر کا موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے،کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ  جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ جنوبی مغربی ہوائیں 20 سے 22 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، ہوا میں نمی کا تناسب 65 فیصد  ہے۔ 

دوسری جانب محکمہ موسمیات کی جانب سے  آج  4 جون سے 7 جون تک ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور آندھی  چلنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے بارشوں کا الرٹ جاری کیا ہے جس کے مطابق مغربی ہوائیں آج 4 جون سے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی، اس سسٹم کے سبب   ملک کے مختلف حصوں میں آندھی، جھکڑ چلنے اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق  گلگت بلتستا ن،کشمیر ،اسلام آباد ، گوجرانوالہ، اوکاڑہ، فیصل آباد اور خوشاب میں بارش ہوگی جب کہ بہاولپور، ڈیرہ غازی خان ، ملتان اور لیہ میں بھی آندھی اور بارش کا امکان ہے۔اس کے علاوہ جیکب آباد، لاڑکانہ ،کوئٹہ اور بارکھان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔  محکمہ موسمیات کے مطابق آندھی سے کھڑی فصلوں اور کمزور انفرا سٹرکچر کو بھی نقصان کا اندیشہ ہے۔

مزیدخبریں