سٹی 42: پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر اور سٹار اوپنر محمد رضوان نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں اپنی پسند کی شادی کے لیے ایک یا دو سال نہیں بلکہ 8 سال کا طویل انتظار کرنا پڑا۔
ایک انٹرویو میں محمد رضوان نے بتایا کہ میں جس لڑکی سے شادی کا خواہش مند تھا اس لڑکی کے گھر والے اس شادی کے لیے راضی نہیں تھے لیکن 8 سال کے انتظار کے بعد اور دعاؤں کے بعد میں اپنی محبت کو پانے میں کامیاب ہوا۔
رضوان نے کہا کہ سب کو علم ہے کہ لَو اسٹوری ذرا مشکل ہوتی ہے اور پھر ہمارے پٹھان گھرانے میں یہ سب بہت ہی مشکل ہے۔ میرا خیال ہے کہ میں اپنی فیملی کا پہلا بندہ ہوں جس نے محبت کی شادی کی۔ پھر میرے بعد میرے بھائی نے بھی لو میرج کی۔
محمد رضوان نے انٹرویو ر سے کہا کہ میں زیادہ تفصیل تو نہیں بتاؤں گا لیکن بس یہ کہوں گا کہ کافی مشکل ہوئی، مجھے 8 سال انتظار کرنا پڑا اور اللہ سے روز انہ مانگنا پڑا۔ یہ ہمارے ذہنوں میں چیزیں تھیں کہ اللہ سے جو مانگا جائے، یہ ہو نہیں سکتا کہ نہ ملے۔ مجھے اس وقت یقین تھا کہ اللہ سے جو مانگو وہ خالی ہاتھ نہیں لوٹائے گا۔ رضوان نے کہا کہ انہیں ایسے ہی کرکٹ کے معاملے میں بھی اللہ پر یقین ہے، یقین ہونا چاہیے کہ اللہ سے مانگی ہوئی ہر چیز ملے گی۔