ویب ڈیسک: جرمنی میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے پیش نظر حکومت نے کم از کم اجرت بڑھا کر بارہ یورو فی گھنٹہ کرنے کی منظوری دے دی۔ اس فیصلے سے 60 لاکھ سے زائد عوام مستفید ہوں گے۔
جرمن چانسلر اولاف شولز نے اپنی انتخابی مہم میں بھی کم از کم اجرت بڑھانے کا وعدہ کیا تھا۔ اب پارلیمنٹ نے گزشتہ روز ایک بل کی منظوری دی ہے جس کے مطابق یکم اکتوبر سے کم از کم فی گھنٹہ تنخواہ قریب دو یورو اضافے کے ساتھ بارہ یورو ہو جائے گی۔
جرمن پارلیمنٹ میں بل پر ووٹنگ سے قبل وزیر محنت ہوبیرٹوس ہائل نے کہا کہ اس فیصلے سے عوام کو 400 یورو اضافی آمدن ہو گی جس سے ماہانہ آمدن 1700 یورو ہو جائے گی۔ یہ بہت زیادہ تو نہیں ہے لیکن اس سے لوگوں کی جیبوں پر نمایاں فرق پڑے گا۔
جرمن پارلیمنٹ میں بل کے حق میں 400 ارکان نے ووٹ دیا اور 41 نے مخالفت کی جبکہ 200 نے رائے شماری میں حصہ ہی نہیں لیا۔ حصہ نہ لینے والے ارکان کا تعلق اپوزیشن جماعت سی ڈی یو سے تھا۔