(اکمل سومرو)پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ کی پالیسی کے تحت متحدہ علماء بورڈ سےبھی کتابوں کی کلیئرنس لازمی،متحدہ علماء بورڈ نے ایک نصابی کتاب کی کلیئرنس کی فیس 85 ہزار روپے تک مقرر کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں پہلی جماعت سے لے کر بارہویں جماعت تک کی نصابی کتب کی کلیئرنس کے لئےمتحدہ علماء بورڈ پنجاب نے اپنی پالیسی جاری کر دی ہے، ٹیکسٹ بک بورڈ کے فیصلے کے تحت نجی پبلشرز اپنی کتابوں کے مسودات متحدہ علماء بورڈ جمع کرانے کے پاپند ہوں گے،پہلی تا تیسری جماعت کی نصابی کتب پر کلیئرنس کے لئےمتحدہ علماء بورڈ 35 ہزار روپے فیس وصول کرے گا۔
چوتھی اور پانچویں جماعت کے لئے45 ہزار روپے، چھٹی تا آٹھویں جماعت کیلئے 60 ہزار روپے، میٹرک اور اولیول کے لئے 70 ہزار جبکہ انٹرمیڈیٹ کی نصابی کتب پر این او سی جاری کرنے کے لئے85 ہزار روپے فیس وصول کرے گا، متحدہ علماء بورڈ نے کتابوں پر این او سی جاری کرنے کے لئےچار کمیٹیاں تشکیل دی ہیں ان کمیٹیوں میں ڈاکٹر راغب نعیمی، مولانا محمد علی نقشبندی، نبیرہ عندلیب اور مولانا محمد خان لغاری کو ہر کمیٹی کا الگ الگ چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔
پبلشرز اپنی کتابوں کی کلیئرنس کے لیے مسودات متحدہ علماء بورڈ جمع کرانے کے پاپند ہوں گے جبکہ بورڈ سے حاصل کردہ این او سی پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ جمع کرایا جائے گا جس کے بعد پبلشرز کو کتابوں کی اشاعت کی اجازت ہوگی۔