جیل پولیس اور ملازمین کیلئے بڑی خوشخبری

4 Jun, 2021 | 03:00 PM

Sughra Afzal

فیروز پور روڈ (قیصر کھوکھر) جیل پولیس اور ملازمین کے لئے اچھی خبر آگئی، حکومت پنجاب نے جیل پولیس اور ملازمین کی تنخواہ ڈبل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے سمری وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدر کو ارسال کر دی ہے، جیل پولیس اور جیل ملازمین کو ایک بنیادی تنخواہ ڈبل ملے گی، اس فیصلے سے جیل پولیس کی تنخواہ پنجاب پولیس کے برابر ہو جائے گی، جیل پولیس کی تنخواہ بڑھانے کی سمری محکمہ خزانہ پہنچ گئی، محکمہ خزانہ اگلے چند روز میں سمری کلیئر کرے گا، اس فیصلے سے محکمہ خزانہ کو کروڑوں روپے کا اضافی بوجھ اٹھانا پڑے گا۔

دوسری جانب آئی جی پنجاب انعام غنی نے گیارہ پولیس افسران کے تقرروتبادلوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، ایس ایس پی حسن اسد علوی کو ایس ایس پی پولیس انٹیلی جنس آفس سکول چوہنگ لاہورتعینات کیا گیا۔

 ایس پی آصف امین اعوان کو ڈی پی او شیخوپورہ، ایس پی سید علی کو ایس ایس پی انویسٹی گیشن گوجرانوالہ، ایس پی تصور اقبال کو ایڈیشنل ایس پی پوٹھوہار ڈویژن راولپنڈی، ایس پی نعیم عزیز کو ایس پی انویسٹی گیشن حافظ آباد، ایس پی عبدالقیوم کو ایس پی ہیڈکوارٹر گوجرانوالہ، ایس پی ناصر سیال کو اے آئی جی ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ پنجاب، ڈی ایس پی ناصر عباس کو ایس ڈی پی او سلانوالی سرگودھا اورڈی ایس پی ذوالفقار علی ورک کو ایس ڈی پی او صدر قصور تعینات کیا گیا۔

 

مزیدخبریں