(مانیٹرنگ ڈیسک) نوبیل امن انعام یافتہ، سماجی رہنما ملالہ یوسف زئی کے شادی سے متعلق بیان پر تنقید کے بعد ان کے والد ضیاءالدین یوسف زئی کا ردعمل سامنے آگیا۔
مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر پشاور کی مشہور مسجد قاسم علی خان کے مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے ضیاءالدین یوسف زئی سے سوال کیا کہ کل سے سوشل میڈیا پرایک خبر زیر گردش ہے کہ آپ کی بیٹی ملالہ یوسف زئی نے رشتہ ازدواج کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ شادی کرنے سے بہتر ہےکہ پارٹنر شپ کی جائے نہ کے نکاح، اس بیان سے ہم سب شدید اضطراب میں مبتلا ہیں، آپ وضاحت فرمائیں۔
جواب میں ضیاءالدین یوسف زئی کا کہنا تھا کہ ایسی کوئی بات نہیں، میڈیا اور سوشل میڈیا نے انٹرویو کے اقتباس کو سیاق و سباق سے نکال کر اور تبدیل کرکے اپنی تاویلات کے ساتھ شیئرکیا۔
خیال رہے کہ ملالہ یوسف زئی کا شہرہ آفاق فیشن میگزین 'ووگ' کو دیا گیا انٹرویو متنازع ہوگیا ہے جس میں ان کے شادی سے متعلق بیان پر سخت تنقید کی جارہی ہے اور پاکستان میں یہ معاملہ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ میں شامل ہے۔
انٹرویو کے دوران ملالہ یوسف زئی کا کہنا تھا کہ مجھے یہ سمجھ نہیں آتا کہ لوگ شادی کیوں کرتے ہیں؟ اگر آپ کسی کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا چاہتے ہیں تو اس کے لیے آپ کو شادی کے کاغذات پر دستخط کرنے کی کیا ضرورت ہے؟ یہ ایک پارٹنرشپ کیوں نہیں ہو سکتی؟