(مانیٹرنگ ڈیسک ) وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ حکومت 2023ء میں اپنی آئینی مدت کے اختتام تک ٹیکس وصولی کو بڑھا کر ستر کھرب روپے تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہے۔
انہوں نے اسلام آباد میں وزیر توانائی حماد اظہر اور وزیر اقتصادی امور خسرو بختیار کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے ہرسال محصولات میں بیس فیصد اضافے کی منصوبہ بندی کی ہے،حکومت محصولات کی وصولی میں اضافے کیلئے نئے ٹیکس لگانے پر یقین نہیں رکھتی، زیادہ سے زیادہ محصولات کی وصولی کے مقاصد ٹیکس کا دائرہ کار بڑھانے کے ذریعے حاصل کیے جائیں گے۔
وزیرخزانہ نے توقع ظاہر کی کہ سینتالیس سو ارب روپے تک کے محصولات کی وصولی کا ہدف حاصل ہوجائے گا جبکہ آئندہ سال یہ ہدف پچاس کھرب اسی ارب روپے ہوگا، کورونا وبا کے باوجود حکومت اقتصادی شرح نمو کو چار فیصد کے قریب لانے میں کامیاب رہی، آئندہ مالی سال کے دوران شرح نمو پانچ فیصد تک رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام میں اڑتیس فیصد اضافے کا فیصلہ کیا ہے، ہم خسارے میں جانے والے سرکاری اداروں کی تعمیر نو اور نجکاری کے عمل کو شروع کرنے پربھی کام کر رہے ہیں۔