(شاہزیب شہزاد)لیسکو کی غفلت ایک اور جان لے گئی ، فیروز پور روڈ علی پارک کے علاقے میں افسوسناک واقعہ میں بجلی کے ننگے تاروں کے ساتھ ٹکرا جانے سے ایک بچہ جاں بحق دوسرا زخمی ہو گیا۔
تفصیلات کےمطابق آٹھ سالہ ذیشان کے کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہونے پر گھر میں کہرام برپا ہو گیا۔ آٹھ سالہ ذیشان کرنٹ لگ جانے سے موقع پر ہی جاں بحق جبکہ علی حسن شدید زخمی ہو گیا ۔
لیسکو کی غفلت کے باعث افسوسناک واقعہ پیش آیا، ذیشان ٹیوشن پڑھنے گیا تھا کہ چھت پر بجلی کی ننگےتاروں سے جا ٹکرایا ۔ واقعہ بجلی کے تار گھر کی چھت کے قریب ہونے کے باعث پیش آیا ۔
پولیس کی نفری اور تفتیشی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر کارروائی کا آغاز کردیا۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ متعدد بار لیسکو حکام کو بجلی کے تار گھروں سے دور کرنے کے لئے شکایات کی لیکن ان کے کان پر جوں تک نہ رینگی۔ پہلے بھی کئی افراد بجلی کی ننگے تاروں کے باعث کرنٹ لگنے سے زخمی ہو چکے ہیں۔