فلور ملز ایسوسی ایشن کا حکومت سے بڑا مطالبہ

4 Jun, 2020 | 05:35 PM

Malik Sultan Awan

(حسن علی) پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے حکومت سے 10 لاکھ ٹن گندم ایمپورٹ کرنے کا مطالبہ کر دیا، چئیرمین پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب زون عبدالروف مختار کہتے ہیں کہ عوام کو سستے داموں آٹا فراہم کرنے کے لئے حکومت کو سستی گندم کی فراہمی کو یقینی بنانا ہوگا۔
 تفصیلات کے مطابق شادمان میں چئیرمین پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب زون عبدالروف مختار نے سٹی فورٹی ٹو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ خوراک پنجاب کی ناقص پالیسیوں کے باعث آج گندم کی قیمت 1600 روپے فی من سے تجاوز کر چکی ہے اور آنے والے مہینوں میں گندم کی قیمت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے اس لئے 10 لاکھ ٹن گندم ایمپورٹ کی جائے تاکہ مقامی گندم کی قیمت میں استحکام آ سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت گندم ایمپورٹ کرنے کے ساتھ ساتھ فلور ملز کو سرکاری گندم کا اجرا کرے تاکہ عوام کو سستا آٹا فراہم کیا جا سکے کیونکہ فلور ملز کے پاس گندم موجود نہیں ہے جبکہ محکمہ خوراک پنجاب نے اپنا ہدف پورا کرنے کے لئے فلور ملز کو گندم کی خریداری کی اجازت نہیں دی تھی جس کے باعث آج حالات یہ ہیں کہ فلور ملز کے پاس گندم موجود نہیں ہے۔

چئیرمین پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب زون عبدالرؤف مختار کا مزید کہنا تھا کہ ابھی بھی پاس کو اور پنجاب کے مختلف سرکاری محکمے فلور ملز کے گندم کے ٹرک روک رہے ہیں جس کے باعث حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں اس لئے گندم کی فلور ملز کو فراہمی کے حوالے سے حکومت فوری طور پر کوئی مثبت فیصلہ کرے تاکہ عوام کو سستے داموں آٹا فراہم کیا جا سکے۔

مزیدخبریں