(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی حکومت نے ملک میں کورونا کیسز کی بڑھتی تعداد کے پیش نظرسمارٹ لاک ڈاؤن سخت کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال پراجلاس ہوا، جس میں لاک ڈاؤن سخت کرنے کے آپشن پر غور کیا گیا،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پہلے مرحلے میں عوام کو کورونا سے بچانے کے لئے ضابطہ اخلاق پرعمل کرانے کی تلقین کی جائے گی، چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر گلگت بلتستان کی سیاسی قیادت عوام کو ایس او پیز پر عملدرآمد کی تلقین کرے گی۔
ذرائع کے مطابق سیاسی قیادت کے ذریعے عوام کو ایس اوپیز پرعملدرآمد کی تلقین کی جائے گی، ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو لاک ڈاؤن سخت کیا جائیگا۔
ذرائع کے مطابق حکومت آزاد کشمیر نے بدھ سے سمارٹ لاک ڈاؤن سخت کردیا، بلاضرورت گھروں سے باہر نکلنے پر500 روپے جرمانہ ہوگا، 12 سال سے کم اور 8 سال سے زائد عمر کے افراد کے گھروں سے نکلنے پر پابندی ہوگی، ایس او پیز کی خلاف ورزی پر تاجروں، دکانداروں، ہوٹل مالکان کو بھی جرمانے بھرنے ہوں گے۔
واضح رہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد سے ملک میں کورونا کیسزکی تعداد میں ہولناک اضافہ ہوا ہے اور ایک ماہ میں مصدقہ مریض دگنے سے زائد ہوگئے ہیں، ملک میں آج کورونا سے مزید 82 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 1770ہوگئی جبکہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 80463 تک پہنچ گئی ہے،اب تک 30 ہزار 128 افراد اس قاتل وائرس کو شکست دے چکے ہیں جبکہ 901 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
دوسری جانب محکمہ صحت نے نوجوانوں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی، محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق کورونا سے متاثر ہونیوالا سب سے زیادہ نوجوان طبقہ ہے، سب سے زیادہ کورونا وائرس میں مبتلا 16 سے 40 سالہ افراد ہیں، جن کی تعداد 8 ہزار 476 ہو چکی ہے۔