شاہد ندیم: محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب کے زیرانتظام داتا دربارمیں رمضان المبارک کے آخری عشرے میں اعتکاف بیٹھنے والے دو ہزار چار سو بیاسی افراد کی فہرست آویزاں کر دی گئی، معتکفین کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔
رمضان المبارک کےآخری عشرے میں اعتکاف بیٹھنےوالے خواہشمندحضرات سے درخواستوں کی وصولی کی گئی، انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو فارم دیئے گئےجس میں متعلقہ تھانے اور گزٹیڈ آفیسر سے تصدیق کرانے کے بعد درخواست فارم جمع کرانے کی ہدایت کی گئی، مجموعی طور پر چھبیس سو درخواستیں جمع ہوئیں جن میں کوائف کی تکمیل نہ ہونےپرایک سو اٹھارہ درخواستیں مسترد کر دی گئیں۔
داتا دربار انتظامیہ نےسکریننگ کے لئے درخواستیں سپیشل برانچ کو ارسال کی تھیں تاہم سپیشل برانچ نے سکریننگ کرنے سے انکار کر دیا جس کے بعد انتظامیہ کی درخواستوں کے مطابق شہریوں کو اعتکاف بیٹھنے کی اجازت دے دی گئی، زونل ایڈمنسٹریٹر داتا دربار تنویر احمد وڑائچ نےکہاکہ معتکفین کے لئے قیام و طَعام کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں گی،سحری و افطاری میں کھانےکا وافر انتظام کیا جائیگا، انہوں نےکہاکہ سیکیورٹی کیساتھ ساتھ طبی امداد کے لئےمیڈیکل کیمپ بھی لگائے جائیں گے۔