زین مدنی : پنجاب آرٹس کونسل نے صوبے بھر میں ڈرامہ مانیٹرنگ کو ضابطے میں لانے،عریانی اور فحاشی کے خاتمہ کیلئے کمر کس لی، متعدد تھیٹرز،فنکاروں پر پابندی عائد کردی۔
پنجاب آرٹس کونسل کے ایگزیکٹیو ڈائیریکٹر غلام صغیر شاہد نے میڈیا کو بتایا پنجاب بھر میں اسوقت57تھیٹرزموجو د ہیں جو کام کررہے ہیں ان میں سے کچھ لائسنس اور ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر سیل کئے گئے ہیں، جبکہ کچھ خواتین فنکاروں پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ مانیٹرنگ ٹیموں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مانیٹرنگ کے عمل کو مزید بہتر بنائیں تاکہ صوبہ بھر سے ڈرامے کو بہتر اور صاف کیا جاسکے۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر غلام صغیر شاہد نے بتایاکہ پنجاب بھر کے تھیٹرز کامکمل ڈیٹا اکھٹا کرلیاگیا ہے اور ان کی کڑی نگرانی شروع کردی گئی ہے اب کوئی رعایت نہیں ہوگی سب کچھ ضابطے اور قانون کے دائرے میں ہوگا ۔ اس موقع پر میڈیانمائندگان نے پنجاب آرٹس کونسل کے آفیشلز کو متعدد تجاویز دیں، جنہیں نوٹ کرکے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے ان پر عملدرآمد کا آغاز کرادیا۔
پنجاب آرٹس کونسل کے ڈائریکٹر آپریشن مغیث بن عزیز ،ڈائریکٹر فنانس ،ملک شیر باز ودیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔