جوہر ٹاؤن کا چوک ارائیاں ترقی کے سمندر میں پسماندگی کا جزیرہ

4 Jul, 2024 | 08:09 PM

مہر علی اکبر:  شہر ی سہولیات  سے آراستہ جوہر ٹاؤن  میں آرائیاں چوک ترقی کے سمندر میں پسماندگی کے جزیرے کی طرح دکھائی دیتا ہے۔ 

ارائیاں چوک کے علاقہ میں سڑکیں اور گلیاں عرصہ دراز سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ سرسری جائزہ سے یوں دکھائی دیتا ہے کہ علاقہ میں صفائی کا کوئی نظام سرے سے موجود ہی نہیں۔ سڑک کےدونوں اطراف کوڑاکرکٹ کےڈھیر لگے ہیں جن کے تعفن سے علاقہ میں مستقل ناگوار بو رہتی ہے۔ 

ارائیاں چوک کی مین سڑک پانچ سال سے جوں کی توں ہے۔ اس سڑک کا  پنجاب کے دور دراز  دیہات کی کچی سڑکوں سے بھی تقابل کرنا ممکن نہیں  کیونکہ اس سڑک میں کوئی بھی حصہ کھڈوں سے خالی نہیں۔

  بارش کے دوران اس سڑک پر پانی جمع ہو جاتا ہے جس میں سے موٹر سائیکل نہیں گزر سکتی۔ اس پانی میں سے پیدل گزرنا بھی محال ہوتا ہے کیونکہ سڑک پر پہلے سے جمع گندگی کے ڈھیروں سے ساری گندگی بارش کے پانی میں تیرنے لگتی ہے۔ یہ پانی بارش کے بعد بھی کئی روز تک کیچڑ کی شکل میں یہاں مقیم شہریوں کو ان کے ناکردہ گناہوں کی سزا دینے کے لئے موجود رہتا ہے۔ 


علاقہ کے مکینوں نےمتعلقہ محکمہ سے سڑک کی مرمت کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور سالڈ ویسٹ مینیجمنٹ والوں سے مطالبہ کیا ہے کہ خدارا جوہر ٹاؤن کے چوک ارائیاں کو بھی لاہور شہر کا حصہ سمجھا جائے۔

مزیدخبریں