زاہد اقبال رانا: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گوجرانوالہ کے لئے میگا پراجیکٹس کا اعلان کردیا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز کی جانب سے گوجرانوالہ میٹرو بس پراجیکٹ کے لئے فوری اقدامات کا حکم دے دیا گیا، ساتھ ہی گوجرانوالہ کی چھوٹی بڑی سڑکوں کی تعمیر ومرمت کا بھی حکم دے دیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے گوجرانوالہ میں سرکاری سطح پر پہلا سٹیٹ آف آرٹ کارڈیک ہسپتال بنانے کا اعلان کردیا، جس میں کارڈیک سرجری اور کیتھ لیب بھی فراہم کی جائے گی، پیڈز اور برن یونٹ بھی قائم ہوں گے۔ مریم نواز نے نگار چوک سٹیڈیم کو سٹیٹ آف دی آرٹ بنانے اور جلد از جلد تکمیل کا حکم دےدیا ۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے گوجرانوالہ میں پارکس بنانے کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت کردی، ساتھ ہی گوجرانوالہ سمیت دیگر شہروں کی بیوٹی فیکیشن کرنے کی ہدایت بھی کردی گئی۔ اس کے علاوہ گجرانوالہ میں فیلڈ ہسپتال اور کلینک آن وہیل کی تعداد بڑھانے کی ہدایت کردی گئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے گوجرنوالہ میں واسا کی آپ گریڈیشن کا فیصلہ کیا گیا، ڈرین کی صفائی یقینی بنانے کا حکم بھی دے دیا گیا۔ گجرانوالہ میں خواتین کی ہیلپ کے لئے "پنک وہیل " پراجیکٹ شروع کرنے کا حکم دے دیا گیا، پولیس سے متعلق خواتین کی شکایات پر لیڈیز پولیس پنک بائیک پر فوراً پہنچیں گی۔ مصنوعی مہنگائی کو کنٹرول کرنے اور اشیا ضروریہ کےنرخ نیچے لانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
مریم نواز کا کہنا ہے کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ دیہات میں باقاعدہ صفائی اور روڈز کی مرمت کی جا رہی ہے۔ مون سون کے دوران بارش کے پانی کا جلد اخراج یقینی بنایا جائے ۔ کسی کو بےروزگار نہ کریں،ریڑھی والوں کو منظم طریقے سے روڈ سائڈ پر کھڑا کیا جائے۔ واٹر فلٹریشن ، سٹریٹ لائٹس فنکشنل اور مین ہول کور لگائے جائیں ۔ گوجرانوالہ میں ڈرگز کے سدباب کے لئے آپریشن جاری رکھا جائے ۔
انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں سبیل اور کھانا حکومت کی طرف سے دیا جائے گا ۔ ورچوئل پولیس سٹیشن سے 40 ہزار خواتین کو سروسز فراہم کر چکا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پتنگ بازی اور بھتہ خوری ختم کرنے پر پولیس کو سراہا ۔
وزیر اعلیٰ پنجاب سے کمشنر آفس میں ارکان اسمبلی ، ٹکٹ ہولڈرز کی ملاقات
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کمشنر آفس میں ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز سے ملاقات کی۔ ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ پنجاب کو مسائل ، تجاویز اور سفارشات پیش کیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے تجاویز نوٹ کیں اور عملدرآمد کے احکامات جاری کیے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز کوگوجرانوالہ ڈویلپمنٹ پراجیکٹس پر بریفنگ دی گئی، اور میسر مونسپل سروسز سے آگاہ کیا گیا ۔ مریم نواز کو سی ایم اینی شیٹیو پر پیشرفت سے آگاہ کیا گیا، اس کے علاوہ گوجرانوالہ کے عوام کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا گیا ۔