بلاول بھٹو اور وزیراعلیٰ بلوچستان کے درمیان ملاقات، صوبے کے بجٹ کے متعلق گفتگو

4 Jul, 2024 | 07:16 PM

ویب ڈیسک : پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کے درمیان ملاقات ہوئی۔ 

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری دو روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے۔ بلاول بھٹو کے استقبال کیلئے صوبائی وزراء اور پی پی پی عہدیداران  ایئرپورٹ پر موجود تھے  جہاں وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے بلاول بھٹو کا استقبال کیا ۔ سابق وزیر اعلیٰ قدوس بزنجو ‘ ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی غزالہ گولہ ‘ سینیٹر عمر گورگیج نے بھی بلاول بھٹو کا استقبال کیا ۔ 

 بلاول بھٹو زرداری اور سرفراز بگٹی کے درمیان وزیراعلی ہاؤس میں ملاقات ہوئی۔ بلاول بھٹو  نے بلوچستان کے عوام کی فلاح و بہبود سے متعلق منصوبوں کے حوالے سے دریافت کیا ۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے صوبے کے بجٹ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔ 

ملاقات میں بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان کے عوام کی صحت اور تعلیم سے متعلق منصوبوں سے متعلق دریافت کیا۔ وزیراعلی بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان میں سندھ کی طرز پر اعلیٰ سطح کے صحت کے مراکز جلد مکمل ہوں گے۔ چیئرمین بلاول بھٹو کو وزیراعلیٰ بلوچستان نے صوبے کے سیاسی و انتظامی معاملات اور امن و امان کی صورت حال سے بھی آگاہ کیا ۔ 

واضح رہے کہ بلاول بھٹو زرداری کو آج وزیراعلیٰ ہاؤس میں بلوچستان حکومت کے نمائندے اپنی کارکردگی پر بریفنگ دیں گے۔ بلاول بھٹو آج پیپلز پارٹی کے بلوچستان سے اراکین اسمبلی اور سینیٹرز سے ملاقات کریں گے۔ اس کے علاوہ بلاول بھٹو  کل کوئٹہ میں پیپلز پارٹی کے صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی رہنمائوں سے بھی ملاقات کریں گے۔ 

مزیدخبریں