ویب ڈیسک : پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی ایک پیج پر ہے ہم سب ایک ہیں، ہم بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں، ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
عمر ایوب نے شبلی فراز، رؤف حسن، شاندانہ گلزار، شہریار آفریدی کے ہمراہ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ہماری بانی پی ٹی آئی سے ملاقات طے تھی۔ ہم لوگ سوا ایک بجے سے جیل کے باہر انتظار کررہے تھے۔اڈیالہ جیل حکام نے ہمیں بانی سے ملنے نہیں دیا ۔ جیل چوکی کے انچارج نے ہمیں مسجد سے بھی نکال دیا۔جیل چوکی کے انچارج نے بتایا انہیں احکامات ملے ہیں۔میں نے انچارج سے کہا کیا تمہیں ٹاوٹ آئی جی نے احکامات دئیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ سمجھتے ہیں ہمیں نفسیاتی طور پر دباؤ میں لائیں گے۔ انکا دماغ خراب ہے یہ نفسیاتی مریض بن چکے ہیں۔ریاست ہم لوگ ہیں، میں اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ہوں۔ہماری ملاقات کورٹ آرڈرز کے مطابق طے تھی۔آئی جی جیل خانہ جات اور آئی جی پنجاب ٹاوٹ ہیں۔