(جمال الدین) وزیر اعظم شہبازشریف اور سابق وزیرا علیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس پر سماعت 5 اگست تک ملتوی کر دی گئی۔
احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج ندیم گلزار نے ریفرنس پر سماعت کی۔ حمزہ شہباز نے احتساب عدالت پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ احتساب عدالت لاہور میں حمزہ شہباز کے وکیل نے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی تھی۔ دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ حمزہ شہباز کمر کی تکلیف کے باعث عدالت پیش نہیں ہو سکتے، ڈاکٹرز نے لیگی رہنما کو آرام کا مشورہ دے رکھا ہے، حمزہ شہباز کا میڈیکل سرٹیفکیٹ بھی عدالت میں پیش کیا گیا۔ استدعا کی گئی کہ عدالت ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرے۔
فاضل جج کا ریمارکس دیتے ہوئے کہنا تھا کہ آپ حمزہ شہباز کا ہر تاریخ پر ایک جیسا میڈکل پیش کر دیتے ہیں یہ بیماری کتنی لمبی چلے گی؟ جس پر وکیل کا جواب دیتے ہوئے کہنا تھا کہ اُن کو کمر درد کا پرانا مرض ہے حمزہ کمر کی تکلیف کی وجہ سے کسی جگہ بھی نہیں جاتے ہیں۔
فاضل جج کا کہنا تھا کہ آئندہ سماعت پر میڈکل کیساتھ حمزہ شہباز کی کمرکاایکسرےبھی پیش کیا جائے ، اُن کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ سماعت پراتفاق ہسپتال کامیڈیکل پیش نہ کیاجائے۔
عدالت نے حمزہ شہباز کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر حمزہ شہباز کی مستقل حاضری معافی کی درخواست پر دلائل طلب کرلیے ہیں۔