(کومل اسلم) لاہور میں مون سون کے دوسرے سپیل نے برسنا شروع کر دیا جبکہ ماہرین نے آئندہ 24 گھنٹے میں مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسنےکا سلسلہ آئندہ 3سے 4روز تک جاری رہے گا۔ شہر لاہور میں گرمی کا زور ٹوٹ گیا، ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی محسوس کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ فضائی آلودگی کی شرح میں کمی کے باعث لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں 32ویں نمبر پر آ گیا ہے جبکہ ایئر کوالٹی انڈیکس 64ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کے علاقے گڑھی شاہو، مال روڈ، ڈیوس روڈ، فیروزپور روڈ، شالیمار، باغبانپورہ، گوالمنڈی، گلشن راوی، سمن آباد سمیت مختلف علاقوں میں تیز ہوا کے ساتھ ہونے والی بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا،محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں بھی بارش کی پیش گوئی کردی جبکہ بلوچستان میں بھی بادل برسنے کاامکان ظاہر کردیا۔ لاہور کے علاوہ پنجاب کے دیگر شہروں اٹک، گجرات ، گوجرانوالہ، مریدکے ، کامونکی، شرقپور اور حافظ آباد میں بھی بادل برسے، بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، بارش کے باعث لیسکو کے متعدد فیڈرز ٹرپ کرنے سے متعدد علاقوں کی بجلی بند ہو گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار،اسلام آباد اور بالائی خیبرپختونخوا میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان جبکہ بعض مقاما ت پر موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے۔ شام یا رات کو جنوبی خیبرپختونخوا، وسطی پنجاب اور شمال مشرقی بلوچستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے، اسلام آباد اور گرد و نواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقاما ت پرمزید موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ مری، گلیات، راولپنڈی، جہلم، چکوال، اٹک، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، قصور، اوکاڑہ، شیخوپورہ، حافظ آباد، نارووال، سیالکوٹ، میانوالی، خوشاب، بھکر، لیہ، سرگودھا، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ساہیوال، ملتان، خانیوال، پاکپتن اور بہاولنگر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
بالاکوٹ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بونیر، مالاکنڈ، سوات، شانگلہ، بٹگرام، ہری پور، صوابی، مردان، نوشہرہ، پشاور، کوہاٹ، کرک، بنوں، لکی مروت، خیبر، باجوڑ، وزیرستان اور کرم میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقاما ت پرموسلادھار بارش توقع ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا،تاہم شام/رات میں ژوب، موسیٰ خیل، بارکھان اور خضدار میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب جبکہ ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ ہلکی بارش/بونداباندی ہو سکتی ہے، کشمیر میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، بعض مقاما ت پر موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے جبکہ گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔