غلام بھٹی کالونی چونگی امر سدھو میں بجلی کی 16 گھنٹے بندش پر عوام  کا شدید احتجاج

4 Jul, 2024 | 04:31 AM

ثمرہ فاطمہ: غلام بھٹی کالونی چونگی امرسدھو میں سولہ گھنٹے سے بجلی غائب ہے۔ لیسکو کے اہلکار بجلی بحال کرنے کے لئے کئی گھنٹے تک ٹال مٹول کرتے رہے، شہریوں نے رات سخت گرمی میں گھروں کے باہر بیٹھ کر گزاری۔

 لیسکو اہلکاروں نے بار بار شکایات پر لارے لپے لگانے کے بعد آخر میں گالم گلوچ پر اتر آئے۔ متاثرہ شہریوں کے فون سننا بھی بند کر دیئے۔

بجلی کی عدم دستیابی پر علاقہ مکین سراپا احتجاج ہیں لیکن لیسکو میں ان کی آواز سننے کے لئے کوئی درد مند افسر دستیاب نہیں۔ 

لیسکو حکام کے ناروا ظلم پر احتجاج کے لئے علاقہ کے مکین سڑک پر آ گئے۔ مظاہرین حکومت اور انتظامیہ کیخلاف شدید نعرے بازی بھی کرتے رہے۔


مظاہرین کاکہناتھاکہ علاقہ میں سولہ گھنٹے سے بجلی نہیں، ساری رات ہم نے گھروں کے باہر بیٹھ کر بجلی کے انتظار میں گزاری ہے۔ بچے گرمی سے بلبلا رہے ہیں، ہمارے گھروں میں نظام زندگی مفلوج ہوگیا ہے، لیکن انتظامیہ کو کوئی پرواہ نہیں۔

علاقہ کے لوگوں نے بتایا کہ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے ہم پانی سے بھی محروم ہیں اور کاروباری سرگرمیاں بھی بُری طرح سے متاثر ہیں۔ لیسکو  والے بھاری بھرکم بل لیکر بھی بجلی فراہم نہیں کر رہے اور جب انہیں کال کرو تو حیلے بہانے کرنے کیساتھ ساتھ گالم گلوچ کرتے ہیں۔ ہماری لیسکو  انتظامیہ سےاپیل ہے کہ ہمارے حال پر رحم کرے اور بجلی کی فراہمی یقینی بنائے۔

مزیدخبریں