سٹی 42: وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت اہم اجلاس ہو ا ، اجلاس میں سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی کے معاملے پر غور کیاگیا ،وزیراعظم کا 7 جولائی کو یوم تقدس قرآن منانے کا فیصلہ کیا ۔
وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جمعہ 7 جولائی کو سویڈن واقعے کے خلاف ملک گیر احتجاج ہوگا ۔وزیراعظم شہبازشریف نے تمام جماعتوں سمیت پوری قوم کو احتجاج میں شریک ہونے کی اپیل کر دی ۔وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم ایک زبان ہوکر شیطانی ذہنوں کو پیغام دے گی۔وزیراعظم شہبازشریف نےاعلان کیا کہ جمعہ کو ملک بھر میں سویڈن واقعے کی مذمت میں احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی ۔
وزیراعظم نےجمعرات کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا بھی فیصلہ کیا ہے ۔ وزیراعظم نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں سویڈن واقعے پر قومی لائحہ عمل مرتب کیاجائے، پارلیمنٹ کے فورم سے قوم کے جذبات اور احساسات کی بھرپور ترجمانی کی جائے، پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں مشترکہ قراردادمنظور کی جائے ، وزیراعظم کی پاکستان مسلم لیگ (ن) کو جمعہ کے دن یوم تقدیس قرآن میں بھرپور شرکت کی بھی ہدایت کر دی ۔
وزیراعظم نے بطور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) پارٹی کو ملک بھر میں احتجاجی ریلیاں نکالنے کی بھی ہدایت کی۔وزیراعظم شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم کی عزت وحرمت ہمارے ایمان کا حصہ ہے، اس کے لئے ہم سب ایک ہیں۔گمراہ ذہن اسلاموفوبیا کے منفی رجحان کو پھیلاکر مذموم ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔
دنیا بھر کی امن پسند، بقائے باہمی پر یقین رکھنے والی اقوام اور قیادت اسلاموفوبیا کا شکار اور مذہبی تعصبات کی حامل متشدد قوتوں کا راستہ روکیں۔مذہب، مقدس ہستیوں ، عقائد اور نظریات کو نشانہ بنانے والے متشدد ذہن دنیا کے امن کے لئے خطرہ ہیں۔عالمی سطح پر پرامن، متوازن اور بین المذاہب ہم آہنگی پر یقین رکھنے والی قوتیں مل کر ایسے رجحانات اور واقعات کے تدارک کے لئے کام کریں۔