ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیر اعلیٰ پنجاب کا جناح ہسپتال کا دورہ، مریضوں کوسہولیات نہ ملنے پر برہمی کا اظہار

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(عظمت مجید،علی رامے) وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی جناح ہسپتال پہنچ گئے، انہوں نے جناح ہسپتال ٹراما سینٹر کا وزٹ کیا ۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے جناح ہسپتال میں مختلف شعبوں کا دورہ کیا ،مریضوں کودی گئی سہولیات کا جائزہ لیا ،جناح ہسپتال میں مہمان خانہ سمیت مختلف وارڈز کا دورہ کیا،  اس دوران مریضوں سے علاج معالجہ کے بارے میں بھی دریافت کیا۔

مریضوں اور ان کے لواحقین نے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کو شکایات کے انبار لگا دیے۔ مریضوں اور ان کے لواحقین نے وزیر اعلیٰ کو ادویات باہر سے لانے ،اے سی نہ چلنے اور بیڈ پر کھٹمل ہونے کی شکایات لگائیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے مریضوں کو بہتر سہولیات نہ ملنے پر برہمی کا اظہار کیا،وزیر اعلیٰ نے فوری طور پر شکایات کا ازالہ کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ میرے پاس جتنا وقت ہے اس دوران پوری کوشش ہے کسی بھی مریض کو ہسپتال میں تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے،غفلت برتنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا،۔

وزیر اعلی پنجاب نے شیخ اعجاز  ٹرسٹ ڈائلسز سنٹر کا بھی دورہ کیا۔ مریضوں سے دی جانے والی سہولیات کے بارے دریافت کیا، وزیراعلیٰ سے مل کرمریضوں نے خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ کبھی ڈائیلسز کے وقت پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ وزیر اعلٰی پنجاب نے چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ علامہ اقبال میڈیکل کالج گوہر اعجاز کو مریضوں کو دی جانے والی بہترین سہولیات پر سراہا۔

وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ آپ کوہماری مکمل سپورٹ حاصل ہے،جو بھی ہسپتال کی بہتری کے لیے کام کرے گا اس کو ہم مکمل سپورٹ فراہم کریں گے،گوہر اعجاز نے شعبہ امراض گردہ و مثانہ کا وزیر اعلیٰ پنجاب کو دورہ کروایا ۔

 گوہر اعجازنے وزیر اعلیٰ پنجاب کو بریفننگ دی کہ  یہاں پر ہم دنیا کا جدید کڈنی ٹرانسپلانٹ سسٹم لارہے  ہیں ، وزیر اعلٰی پنجاب نے ہسپتال کی لانڈری اور بیسمنٹ کا بھی دورہ کیاجبکہ ہسپتال کی لانڈری کا خستہ حال دیکھ کر بھی برہمی کا اظہار کیا اور چیئرمین کو ہدایت جاری کی کہ کل ہی بورڈ کا اجلاس بلا کر اس کو فوری طور پر بہتر کیا جائے ،بیسمنٹ پر پانی جمع ہونے پر کمشنر لاہور کو ہدایت دی اور فوری طور پر پانی کی نکاسی آب بہتر کرنے کی ہدایت جاری کی،وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ سب سے پہلے تعین کیا جائے یہ پانی کہاں سے آرہا ہے؟