ْیصرکھوکھر : پنجاب کے اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ نے لیہ اراضی اسکینڈل میں چیئرمین پی ٹی آئی کی اینٹی کرپشن میں طلبی کا ایک اور نوٹس جاری کر دیا۔ اس مرتبہ طلبی کا نوٹس چیئرمین پی ٹی آئی کی رہائش گاہ پر چسپاں کر دیا گیا ہے۔
ترجمان اینٹی کرپشن کے مطابق لیہ اراضی اسکینڈل میں چیئرمین پی ٹی آئی کی بہن اور بہنوئی کو بھی کل (5 جولائی) کو طلب کیا گیا ہے۔
ترجمان اینٹی کرپشن نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے اراضی اسکینڈل میں ملوث ہونے کے شواہد موجود ہیں، عدم پیروی یا غیرحاضری پر چیئرمین پی ٹی آئی کےخلاف کارروائی ہوگی۔
ترجمان اینٹی کرپشن کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی نے عدالت میں وعدہ کیا تھا کہ وہ انکوائری کمیٹی کے سامنے پیش ہونگے۔ چئیرمین پی ٹی آئی کے انکوائری کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کے وعدے کے بعد کل پہلی طلبی ہے۔
سابق وزیراعظم کی بہن اور بہنوئی کو بھی کل طلب کیا گیا ہے۔ اینٹی کرپشن نے طلبی کا نوٹس زمان پارک کی رہائش گاہ پر چسپاں کیا۔ ترجمان اینٹی کرپشن کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کے اراضی سکینڈل میں ملوث ہونے کے واضح شواہد موجود ہیں، اینٹی کرپشن انکوائری ٹیم میرٹ پر سکینڈل کی تحقیقات کر رہی ہے۔ عدم پیروی یا غیرحاضری کی صورت میں چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف یکطرفہ کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔
واضح رہے اس سے قبل اینٹی کرپشن کے طلب کرنے پر پی ٹی آئی کے چیئرمین کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ اورشوہر احد مجید تفتیش کے لئے پیش نہیں ہوئے تھے تاہم بعد میں عدالتی حکم پر وہ انکوائری کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے تھے۔
تفتیشی ٹیم نے ان سے معمول کے مطابق سوال جواب نہیں کئے تھے بلکہ اینٹی کرپشن ٹیم نے سوالنامہ ڈاکٹر عظمیٰ اور ان کے شوہر کے حوالے کیا تھا جس پر ملزمان کی جانب سے جواب دینے کے لیے مہلت مانگی گئی تھی اور ملزمان کی درخواست پر ان کو 5 جولائی تک وقت دیا گیا تھا۔