سی این جی کی قیمتوں میں اچانک بڑا اضافہ کردیا گیا

4 Jul, 2021 | 11:12 PM

M .SAJID .KHAN

(سعید احمد)آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کا حکومت کی طرف سے ٹیکسوں کی شرح میں اضافے کے بعد سی این جی 18 روپے فی کلومہنگی کرنے کا فیصلہ، پنجاب میں سی این جی کی قیمت 88 روپے سے بڑھا کر 106 روپے 41 پیسے فی کلو کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کی مرکزی مجلس عاملہ کا بذریعہ زوم ہنگامی اجلاس ہوا، اجلاس میں کیپٹن ریٹائرڈ شجاع، سجاد حیدر، محمد زمان، میاں شاہد اقبال، حاجی ظفر، خلیق الرحمٰن، خالد لطیف، شوکت علی خان نے شرکت کی، اجلاس میں حکومت کی جانب سے جی ایس ٹی کی شرح پانچ فیصد سے بڑھا کر 17 فیصد کرنے ، سی این جی کی قیمتوں میں 30 روپے تک اضافے کے لئے تبادلہ خیال ہوا۔

گروپ لیڈر سی این جی ایسوسی ایشن عبداللہ غیاث پراچہ کا کہنا تھا کہ ایل این جی پر ٹیکس عائد ہونے سے سی این جی کی قیمتوں میں 18 روپے سے 30 روپے کلوتک اضافہ ہو گا،حکومت کی جانب سے ایل این جی پر 12فی صد جی ایس ٹی میں اضافہ کے باعث سی این جی کی پنجاب میں خوردہ قیمت 18 روپے بڑھ جائے گی،سی این جی کی پنجاب میں قیمت 106 روپے فی کلو سے بھی زائد ہو گی، عہدیداروں کا کہنا تھا کہ اگر حکومت نے فیصلے پر نظرثانی نہ کی تو تین ہزار سی این جی سٹیشنز بند ہو جائیں گے۔

عوام مہنگائی کی دلدل میں دھنستی چلی جارہی ہے، شہر میں آج برائلر گوشت کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا،برائلر گوشت کی قیمت میں 8روپے فی کلو اضافے سے گوشت299 روپے فی کلو ہو گیا۔انڈوں کی پیٹی 4590 روپے کی ہو گئی۔
زندہ برائلر مرغی کا تھوک ریٹ 198روپے اور پرچون ریٹ 206روپے فی کلو جاری کیاگیا، فارمی انڈوں کے نرخ نامے میں 2 روپے فی درجن اضافہ ہو گیا، فارمی انڈے 157 روپے فی درجن کا سرکاری نرخ نامہ جاری کیا گیا۔

مزیدخبریں