واپڈا اور پیپکو کے افسران مفت بجلی سمیت دیگر مراعات کے مزے اُڑانے لگے

4 Jul, 2021 | 03:12 PM

Sughra Afzal

(شاہد ندیم سپرا) واپڈا اور پیپکو کے افسران مفت بجلی کے استعمال سمیت دیگر مراعات کے مزے اڑانے لگے، مراعات میں فنڈز کا اجراء نہ کرنے کی وجہ سے دونوں سیکٹرز لیسکو کے پندرہ ارب روپے کے نادہندہ ہو گئے۔

واپڈا اور پاکستان الیکٹرک پاور کمپنی کے افسران کی اربوں روپے کی مراعات لیسکو پر بجلی بن کر گر گئی ہیں، دستاویزات کے مطابق مفت مراعات لینے پر واپڈا اور پیپکو اربوں روپے کے لیسکو کے نادہندہ ہو گئے ہیں، لیسکو نے مختلف مراعات کی وجہ سے واپڈا اور پیپکو سے پندرہ ارب روپے کی ریکوری نہیں کر سکی ، دونوں سیکٹرز کے افسران نے لیسکو کی حدود میں گھر بنا رکھے ہیں جہاں مفت بجلی استعمال کی جا رہی ہے جبکہ مختلف ڈویژنز سے پنشن کی وصولی بھی ہو رہی ہے، اس طرح لیسکو نے واپڈا اور پیپکو سے مختلف امور کے اربوں روپے کی وصولی کرنی ہے۔

 لیسکو نے واپڈا اور پیپکو کے افسران کو مفت بجلی د ی ہے اور ریٹائرڈ ہونے والے افسران و ملازمین کو پنشن بھی دینے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے، لیکن ریکوری نہیں کی جا سکی۔

دوسری جانب دونوں سیکٹرز کے افسران کو میڈیکل الاؤنس بھی دیئے لیکن وصولیاں نہیں ہو سکیں، رپورٹ میں انتظامی امور پر ناقص کنٹرول کی وجہ سے ریکوری نہ ہونے کا انکشاف کیا گیا ہے۔ دوسری جانب لیسکو نے جواب دیا ہے کہ وصولیاں کر رہے ہیں لیکن مکمل ادائیگی نہیں ہو سکی۔

 

 

 

 

 

مزیدخبریں