(ویب ڈسک )پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی بھی پاکستان بھر میں مقبول ترین ترکش سیریز ’ارطغرل غازی‘ کے مداح نکلے ، انہوں نے حا ل ہی میں سیریز میں ’حلیمہ سلطان‘ کا مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکارہ اسراءبلجیک کو فرنچائز کا برانڈ ایمبیسڈر بنانے کے حوالےسے کرکٹ شائقین سے مشورہ مانگ لیا۔
جاوید آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گزشتہ دنوں’ارطغرل‘ کا کردار ادا کرنے والے انجن التان کو پشاور زلمی کی ٹیم کا حصہ بنانے کے حوالے سے ایک ٹوئٹ کیا تھا، جس میں جاوید آفریدی نے کہا کہ اگر ارطغرل غازی پشاور زلمی کی ٹیم میں برانڈ ایمبیسیڈر کے طور پر شامل ہوں تو؟
جس پر کرکٹ شائقین کی بڑی تعداد نے خوشی کا اظہار کیا، بعدازاں انہوں نے ’حلیمہ سلطان‘ کا مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکارہ اسراءبلجیک کو فرنچائز کا برانڈ ایمبیسڈر بنانے کے حوالے سے ایک اور ٹوئٹ کیا کہ اگر ہم یہی پیشکش حلیمہ سلطان کو بھی کریں؟
جاوید آفریدی کے اس ٹوئٹ کے بعد سے پاکستانی کرکٹ شائقین نےخوشی کا اظہار کرتے ہوئے دلچسپ جوابی ٹوئٹس کئے،اسد اللہ منہا نے کہا کہ اگر ایسا ہو جائے تو ہم سب کچھ چھوڑ کرپشاور زلمی کو سپورٹ کریں گے ۔
عامر خان نے لکھا کہ آپ ہمارے دل جیت لیں گے ۔
محمد نعمان نے لکھا کہ پھر تو کسی ٹیم کو کوئی سپورٹ نہیں کرے گا، سب فینز پشاور زلمی کے ساتھ ہی ہوںگے۔
یاد رہے کہ ترکش سیریز ’ارطغرل غازی‘کو وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پی ٹی وی پر نشر کیا جارہا ہے جس کو پاکستان بھر میں انتہائی مقبولیت حاصل ہے۔