روٹی اور نان کی قیمت میں خود ساختہ اضافہ

4 Jul, 2020 | 06:39 PM

Arslan Sheikh

( راؤ دلشاد حسین ) مار گئی مہنگائی، پٹرول، چینی، اشیاء خورو نوش کے بعد روٹی اور نان کی قیمتوں میں بھی خود ساختہ اضافہ کردیا گیا، روٹی کی قیمت میں دو روپے جبکہ نان کی قیمت میں تین روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، ضلعی انتظامیہ کی قیمتوں میں اضافہ کی تردید کردی۔

تفصیلات کے مطابق متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن نے روٹی اور نان کی قیمتوں میں از خود اضافہ کردیا۔ سرکاری سطح پر روٹی کی قیمت چھ روپے جبکہ نان کی قیمت بارہ روپے ہے۔ شہر میں اس کے برعکس روٹی دو روپے ازخود اضافے کے ساتھ آٹھ روپے میں جبکہ نان تین روپے اضافے کے ساتھ پندرہ روپے میں فروخت کیا جارہا ہے۔

روٹی اور نان کی قیمتوں میں اضافہ پر شہری بھی پھٹ پڑے، انہوں نے کہا کہ حکومت کا کام صرف تماشہ دیکھنا ہے۔ دوسری جانب نان بائیوں کا کہنا ہےکہ جب آٹا ہی مہنگا ملے گا تو کیسے روٹی اور نان سستا بیچ سکتے ہیں؟

متحدہ نان روٹی ایسوسی کا کہنا ہے کہ گندم کی قیمت چودہ سو روپے من سے بڑھ کر 1800 روپےہوگئی، آٹے کے بیس کلو کے تھیلے کی قیمت 805 روپے سے بڑھ کے 1050 روپے، فائن آٹے کے تھیلے کی قیمت 3900 روپے سے بڑھ کر 4500 روپے ہوچکی ہے۔ روٹی اور نان کس طرح سستا بیچ سکتے ہیں؟ نان پندرہ روپے اور روٹی آٹھ روپے میں ملے گی۔

ادھر ڈپٹی کمشنر لاہور دانش افضال کا کہنا ہے کہ نان روٹی کی قیمتوں میں اضافے کا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا، کسی کو بھی نان روٹی کی قیمتوں میں اضافے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔  

مزیدخبریں