(عمران یونس) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے کمپین انچارج اور پی پی 162کے امیدوار عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ جی پی او چوک میں شگاف پڑنا کوئی حادثہ نہیں، کمیشن کا نتیجہ ہے، اقتدار میں آکر ان کا احتساب کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور این اے 131 کے امیدوار عمران خان کے انتخابی مہم انچارج اور پی پی 162 کے امیدوار عبدالعلیم خان نے ڈی ایچ اے بی بلاک، ڈیفنس موڑ، وارڈ چھ والٹن، وارڈ آٹھ پنجاب سوسائٹی، ڈیفنس فیز تھری، الامین سوسائٹی بیدیاں روڈ، مین والٹن، قینچی اور ڈیفنس ڈبل ایکس بلاک میں ڈور ٹو ڈور اور کارنر میٹنگز میں شرکت کی۔
حلقے میں آمد پر علاقہ مکینوں اور کارکنوں نے عبدالعلیم خان کا پھولوں اور ڈھول سے استقبال کیا۔ ورکروں نے عمران خان زندہ باد کے نعرے لگائے۔ پی پی 162والٹن کارنر میٹنگ میں مغل ایسوسی ایشن لاہور کینٹ کے عہدیداروں افتخار علی مغل، امتیاز مغل، الیاس مغل اور شوکت مغل نے برادری سمیت تحریک انصاف کی حمایت کا اعلان کیا۔
دوسری جانب سے مانا نوالہ گاؤں میں پیپلز پارٹی والٹن کنٹونمنٹ بورڈ سے سابقہ امیدوار برائے کونسلر شریف مغل نے ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔
اس موقع پر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ عمران خان ایک جدوجہد ایک جذبے کا نام ہے جس نے قوم و ملک اور ہماری نسلوں کی بہتری کیلئے 23 سال جدوجہد کی ہے۔
عبدالعلیم خان کا مزید کہنا تھا کہ جی پی او چوک میں شگاف پڑنا کوئی حادثہ نہیں بلکہ سابقہ حکومت کی کرپشن کی کہانی ہے۔ تحریک انصاف اقتدار میں آکر ان کا احتساب کرے گی۔