محکمہ موسمیات نے بارش کی نوید سنا دی

4 Jan, 2025 | 09:41 AM

روزینہ علی، کومل اسلم:  ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اورپہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے جبکہ پنجاب، خیبر پختونخوا کے زیادہ ترمیدانی علا قوں اور بالائی سندھ میں شدید دُھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔

شہر لاہور میں شدید دھند کے باعث حد نگاہ میں کمی واقع ہو گئی  جس سے شہریوں کو سفر میں مشکلات کا سامنا ہے۔ سرد ہوائیں چلنے کی وجہ سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق  شہر کا موجودہ درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں بارش کا امکان ہے۔شہر میں فضائی آلودگی کی صورتحال بھی تشویشناک ہے جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس کی مجموعی شرح 157 ریکارڈ کی گئی ہے۔ لاہور آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر آ گیا ہے۔اڈا پلاٹ میں آلودگی کی شرح 591، جوہر ٹاؤن میں 364، فیز 8 ڈی ایچ اے میں 289، اور عسکری ٹین میں آلودگی کی شرح 218 ریکارڈ کی گئی ہے۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش سے موسم سرد ہوگیا۔ صبح سویرے گلشن معمار، بلدیہ ٹاؤن ،اورنگی ٹاؤن،نارتھ ناظم آباد، نمائش چورنگی پر بوندا باندی ہوئی۔فیڈرل بی ایریا ،ایم اے جناح روڈ،شارع فیصل، یونیورسٹی روڈ،اسکیم تینتیس اور سرجانی میں بھی ہلکی بارش ہوئی جس سے ویک اینڈ کا مزہ دوبالا ہوگیا۔سردی میں اضافے کی وجہ سے شہریوں نے لیدر جیکٹس نکال لیں۔

دوسری جانب وادی کوئٹہ اور گردونواح میں موسم سرما کی پہلی برفباری ہوئی۔ خانوزئی،کان مہترزئی،زیارت سمیت متعدد اضلاع پر برف کی چادر پھیل گئی۔بلوچستان کے شمالی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش بھی جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق  پنجاب اور خیبر پختونخوا کے زیادہ تر میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح اور رات کے اوقات میں درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔ اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ رات کے اوقات میں ہلکی بارش یا بونداباندی کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

خیبرپختونخوا کے علاقوں جیسے چترال، دیر، سوات، کوہستان، باجوڑ، خیبر، شانگلہ، بونیر، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ مری، گلیات اور گرد و نواح میں تیز ہوائیں چلنے کے ساتھ بارش اور برفباری کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے، جبکہ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی موسم شدید سرد رہنے کے علاوہ بارش اور برفباری کی توقع کی جارہی ہے۔

 ادھربلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہنےکا امکان ہے تاہم چمن، پشین، زیارت، قلعہ عبدا للہ ، قلعہ سیف اللہ، ژوب اوربارکھان میں چند مقامات پر ہلکی بارش/ ہلکی برفباری کا امکان ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک رہنے کا امکان  ہے۔  سکھر ، شہید بینظیر آباد،شکارپور، کشمور، خیر پور، مو ہنجو دارو اور گردونواح میں درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔ 

مزیدخبریں