وزیر داخلہ کا اسلام آباد میں ایف ایٹ انٹرچینج منصوبے کا دورہ، فروری میں افتتاح

4 Jan, 2025 | 08:25 AM

 اویس کیانی: وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا رات گئے ایف ایٹ ایکسچینج چوک انٹرچینج اور سرینہ چوک انٹرچینج پراجیکٹس کا اچانک دورہ, وزیرداخلہ محسن نقوی نے دونوں میگا پراجیکٹس پر تعمیراتی کاموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا.

وزیر داخلہ نے ایف ایٹ ایکسچینج چوک کے فلائی اوور اور سرینہ چوک انٹرچینج کے انڈر پاسز پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا،وزیر داخلہ نے ایف ایٹ ایکسچینج چوک انٹرچینج کے 42 روز کی ریکارڈ مدت میں مکمل انڈر پاس کا بھی معائنہ کیا،وزیر داخلہ محسن نقوی نے انڈر پاس کے اطراف ہارٹیکلچرکے لئے احکامات دیئے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے پراجیکٹس کی تکمیل ڈیڈ لائن میں یقینی بنانے کی ہدایت کی، کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار انڈر پاس 42 روزکی مدت میں مکمل کیا گیا ہے،دونوں منصوبوں پر 3 شفٹوں میں کام جاری رکھا جائے، رات کی شفٹ میں اضافی ورک فورس لگانے کی ہدایت کی جبکہ ورک فورس کو شاباش بھی دی۔

وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ نائٹ شفٹ میں تعمیراتی کام کی رفتار تیز کی جائے، دونوں منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنا ہے،ان منصوبوں کی تکمیل سے شہریوں کو ٹریفک جام رہنے کی زحمت سے چھٹکارا ملے گا۔

سرینہ ہوٹل میں داخلے کیلئے بھی پلان ترتیب دیا جائے تاکہ مہمانوں اور مسافروں دونوں کو غیر ضروری زحمت سے بچایا جا سکے،وزیرداخلہ نے ہدایت کی کہ سرینہ چوک انٹرچینج کی حدود میں عالی شان قومی پرچم بھی نصب کیا جائے، فروری میں ایف ایٹ ایکسچینج چوک انٹرچینج کا مکمل افتتاح کیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن اور کنٹریکٹرز نے دونوں پراجیکٹس پر پیش رفت کے حوالے سے وزیر داخلہ کو آگاہ کیا، بریفنگ میں کہا کہ منصوبے کے تمام حصوں پر کام ہمہ وقت جاری ہے،دونوں منصوبوں کو ریکارڈ مدت میں مکمل کیا جائے گا۔

مزیدخبریں